بنگلہ دیش میں مہلوکین کی تعداد قریب 100 ہوگئی۔ تین دن سرکاری تعطیل کا اعلان۔ ہندوستانی شہریوں کیلئے حکومت ہند کی ایڈوائزری

ہندوستانیوں کو بنگلہ دیش کا سفر نہ کرنے کا مشورہ۔ تشدد سے متاثر ملک میں مہلوکین کی تعداد قریب 100 ہوگئی۔ تین دن سرکاری تعطیل کا اعلان
نئی دہلی: ہندوستانی شہریوں کیلئے حکومت ہندنے ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر بنگلہ دیش کا سفر نہ کریں۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں جاری عدم تعاون تحریک کے دوران 13 پولیس اہلکاروں سمیت تقریباً 100 افراد ہلاک اور بہت سے زخمی ہوگئے۔ یہ جانی نقصان پورے ملک میں مظاہرین، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ارکان اور برسراقتدار پارٹی کی حمایت یافتہ تنظیموں کے ارکان کے مابین پُرتشدد جھڑپوں میں ہوا ہے۔
تفریق برتے جانے کی روک تھام کرنے والی طلباء تحریک کے منتظمین نے، جنہوں نے ریزرویشن میں اصلاحات پر مظاہروں کی قیادت کی، کَل ایک ملک گیر عدم تعاون تحریک شروع کی ہے۔ یہ تحریک حالیہ ہلاکتوں کے احتجاج میں شروع کی گئی ہے اور اس میں محض ایک ہی مطالبہ ہے اور وہ حکومت کا استعفیٰ۔ حکومت نے کل ڈھاکہ اور ملک کے کچھ دیگر حصوں میں غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو لاگو کردیا تھا۔ حکومت نے آج، کل اور چہارشنبہ کو تین دن کیلئے سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے، تاکہ ملک بھر میں جاری پرتشدد مظاہروں کے دوران لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
اسی دوران بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ نے اپنی رہائش گاہ حفاظتی امور کی قومی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔