انٹر نیشنل

امریکی حکومت میں بھی جاسوس ہیں ٹرمپ کا سنسنی خیز انکشاف — خفیہ فوجی آپریشن کی معلومات لیک ہونے پر ہلچل

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک سنسنی خیز بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت کے اندر بھی ایک جاسوس موجود ہے، جس نے ایک خفیہ فوجی آپریشن کی معلومات لیک کی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ایران میں گرنے والے ایف-15 ای اسٹرائیک ایگل طیارے کے پائلٹ کو بچانے کے لئے امریکی فوج نے ایک بڑا ریسکیو آپریشن انجام دیا تھا۔ تاہم اس آپریشن کی تفصیلات ایک نامعلوم شخص کی جانب سے میڈیا کو فراہم کی گئیں، جس پر انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

 

ٹرمپ کے مطابق امریکی فورسز نے ایک پائلٹ کو محفوظ نکال لیا ہے، جبکہ دوسرے پائلٹ کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے ذریعہ ایران کو اس آپریشن کی معلومات حاصل ہوئیں، جس کے بعد یہ مشن مزید پیچیدہ ہو گیا۔

 

انہوں نے متعلقہ صحافی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ذرائع ظاہر کرے، بصورت دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر معلومات فراہم کرنے والے کا نام ظاہر نہ کیا گیا تو صحافی کو جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے نہ تو صحافی کا نام بتایا اور نہ ہی اس خبر رساں ادارے کی نشاندہی کی۔

 

امریکی صدر نے کہا کہ لیک کرنے والے شخص کی تلاش جاری ہے اور وہ حکومت کے اندر ہی موجود ہے۔ ان کے مطابق جیسے ہی دوسرے پائلٹ کی تلاش سے متعلق خبر شائع ہوئی، ایران متحرک ہو گیا اور اس پائلٹ کو پکڑنے والوں کے لیے انعام کا اعلان بھی کیا، جس سے امریکی ریسکیو آپریشن متاثر ہوا۔

 

ٹرمپ نے اس مبینہ جاسوس کو “ذہنی مریض” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے ہر صورت تلاش کیا جائے گا کیونکہ یہ معاملہ قومی سلامتی سے جڑا ہوا ہے۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ اس ریسکیو آپریشن میں مجموعی طور پر 155 طیارے شامل تھے، جن میں 4 بمبار، 64 لڑاکا طیارے، 48 ری فیولنگ ایئرکرافٹ اور 13 ریسکیو طیارے شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button