ایران کے جوہری پروگرام پر امریکی حملہ۔ٹرمپ کا دعویٰ، ایران کا سخت ردعمل

نئی دہلی ۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے قوم سے خطاب میں اعلان کیا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کرنے کا مشن مکمل کامیاب رہا۔ ان کے مطابق جن ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا وہ مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں
صدر ٹرمپ نے اس کارروائی کو امریکی سلامتی اور عالمی امن کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔دوسری جانب ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے (آئی آر آئی بی) سے وابستہ ایک ماہر نے خبردار کیا ہے کہ "اب خطے میں موجود ہر امریکی شہری اور فوجی ہمارا ہدف ہے”۔
ایران کے قومی ٹی وی چینل پر مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کا نقشہ بھی دکھایا گیا اور تبصرہ نگار نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: "تم نے آغاز کیا ہے، اب انجام ہم دیں گے”۔
ادھر اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے امریکی حملے کو "جرأت مندانہ اور تاریخی فیصلہ” قرار دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کی تعریف کی۔ خبر رساں ادارے رائٹرس کے مطابق، نیتن یاہو نے کہا:
"یہ ایک تاریخی قدم ہے اور صدر ٹرمپ کو اس رہنما کے طور پر یاد رکھا جائے گا جس نے دنیا کی خطرناک ترین حکومت کو خطرناک ترین ہتھیار حاصل کرنے سے روک دیا۔”
ادھر ایران کی اٹامک انرجی آرگنائزیشن جلد ہی ایک باضابطہ بیان جاری کرنے والی ہے جس میں بتایا جائے گا کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں جوہری تنصیبات کو کس قدر نقصان پہنچا۔