امریکہ میں سیاحتی بس الٹ گئی ، 5 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی

امریکہ میں خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق نیاگرا آبشار کی سیر کے بعد نیویارک واپس جا رہی ایک ٹورسٹ بس پمبروک کے قریب بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
اس حادثے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ کئی مسافر زخمی ہوگئے۔ حکام نے بتایا کہ بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہونے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ زخمیوں میں ایک سال سے لے کر 74 سال تک کے افراد شامل ہیں جنہیں ایئر ایمبولینس کے ذریعہ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
مرنے والوں میں کوئی بچہ شامل نہیں ہے۔ حادثہ کے وقت بس میں 54 مسافر سوار تھے اور یہ واقعہ دوپہر ساڑھے بارہ بجے پیش آیا۔ پولیس افسر آندرے رے کے مطابق زیادہ تر مسافر بھارت، چین اور فلپائن سے تعلق رکھتے تھے۔
اس حادثے کے باعث نیویارک ہائی وے پر ٹریفک کئی گھنٹے متاثر رہی۔ نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے اس سانحے کو المناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی انتظامیہ فوری طور پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ حادثے کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔