سید مجتبیٰ خامنہ ای کون ہیں؟ ایران کی نئی قیادت کی زندگی پر ایک نظر

ایران میں نئی قیادت کے طور پر سید مجتبیٰ خامنہ ای کو منتخب کئے جانے کے بعد ان کی شخصیت اور پس منظر پر بھی توجہ مرکوز ہو گئی ہے۔ سید مجتبیٰ خامنہ ای 1969 میں ایران کے شہر مشہد میں پیدا ہوئے اور وہ مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے دوسرے بیٹے ہیں۔
انہوں نے ابتدائی دینی تعلیم تہران کے ایک معروف دینی مدرسہ میں حاصل کی اور بعد ازاں ایران۔عراق جنگ کے دوران محاذ پر بھی خدمات انجام دیں۔ 1989 میں وہ قم منتقل ہوئے جہاں انہوں نے اعلیٰ دینی تعلیم حاصل کی۔ کچھ عرصہ تہران میں مزید تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1997 میں ان کی شادی زہرا حداد عادل سے ہوئی اور وہ دوبارہ قم جا کر اپنی علمی سرگرمیوں میں مصروف ہو گئے۔
سید مجتبیٰ خامنہ ای نے ایران کے معروف علما سے فقہ اور اسلامی علوم کی اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور اپنے والد کے درسِ خارج میں بھی شریک رہے۔ اس طرح انہیں دینی علوم اور قیادت کے اصولوں میں مضبوط بنیاد حاصل ہوئی۔
تعلیمی میدان میں بھی انہوں نے نمایاں خدمات انجام دیں۔ تقریباً سترہ برس تک انہوں نے اعلیٰ دینی تعلیم کی تدریس کی، جہاں سینکڑوں طلبہ ان کے دروس میں شریک ہوتے تھے۔ ان کا اندازِ تدریس علمی گہرائی، تحقیق اور وضاحت کے لئے جانا جاتا تھا اور انہوں نے عربی زبان میں متعدد علمی تحریریں بھی قلم بند کیں۔
سماجی اور فلاحی میدان میں بھی انہوں نے مختلف دینی و سماجی اداروں کے قیام میں کردار ادا کیا اور ضرورت مند طبقات کی مدد کے لئے سرگرم رہے۔ اسی کے ساتھ وہ ایران کے بعض اہم قومی امور اور پالیسی معاملات میں بھی بااثر سمجھے جاتے رہے ہیں۔
دفاعی اور اسٹریٹیجک حلقوں سے بھی ان کے قریبی روابط بتائے جاتے ہیں اور انہیں ایران کے مزاحمتی اتحاد سے وابستہ اہم شخصیات کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے والا رہنما سمجھا جاتا ہے۔
مبصرین کے مطابق سید مجتبیٰ خامنہ ای کی دینی تعلیم، انتظامی تجربہ اور اسٹریٹیجک سمجھ بوجھ انہیں ایران کی قیادت میں ایک بااثر اور اہم شخصیت کے طور پر پیش کرتی ہے۔



