ڈاکٹر ذاکر نائک کو بنگلہ دیش دورے کی اجازت، محمد یونس حکومت کی تیاریاں شروع

مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائک ایک بار پھر عالمی خبروں میں ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وہ آئندہ ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق نوبل انعام یافتہ محمد یونس کی قیادت والی موجودہ حکومت نے ذاکر نائک کے بنگلہ دیش آمد کی اجازت دے دی ہے اور انہیں باضابطہ طور پر ان کے استقبال کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔
یہ دورہ 28 نومبر سے 20 دسمبر تک متوقع ہے، جس کے دوران ذاکر نائک مختلف شہروں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
یاد رہے کہ جولائی 2016 میں ڈھاکہ کے "ہولی آرٹیزن بیکری” پر دہشت گرد حملے کے بعد ایک حملہ آور نے انکشاف کیا تھا کہ وہ ذاکر نائک کی یوٹیوب تقاریر سے متاثر ہوا تھا۔ اسی واقعہ کے بعد ذاکر نائک ہندوستان چھوڑ کر ملائیشیا منتقل ہو گئے تھے، جہاں وہ تاحال مقیم ہیں۔
ہندوستان میں ان پر منی لانڈرنگ اور نفرت انگیز تقاریر کے الزامات ہیں، اور انہیں "وانٹِڈ” قرار دیا گیا ہے۔ بعد ازاں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت نے ان کے ٹی وی چینل "پیس ٹی وی” پر بنگلہ دیش میں پابندی عائد کر دی تھی۔



