تلنگانہ

ویلوگمٹلا متاثرین کی حمایت میں کویتا کی بھوک ہڑتال جاری –  فرزند آدتیہ بھی ماں کے شانہ بشانہ شریک

ویلوگمٹلا متاثرین کی حمایت میں کویتا کی بھوک ہڑتال جاری

فرزند آدتیہ بھی ماں کے شانہ بشانہ شریک اور اظہار یگانگت

حیدرآباد: کھمم ضلع کے ویلوگمٹلا متاثرین کو امکنہ پلاٹس کی فراہمی کےمطالبہ پر غیر معینہ بھوک ہڑتال منظم کرنے والی تلنگانہ جاگروتی کی صدر کلواکنٹلہ کویتا کے ساتھ ان کے فرزند آدتیہ بھی جدوجہد میں شامل ہوگئے ہیں۔ بنجارہ ہلز میں واقع تلنگانہ جاگروتی کے مرکزی دفتر میں جاری بھوک ہڑتال کے تیسرے دن آدتیہ نے اپنی والدہ کے ساتھ بیٹھ کر متاثرین سے اظہار یگانگت کیا۔آدتیہ حال ہی میں امریکہ سے اپنی گریجویشن مکمل کر کے وطن واپس ہوئے ہیں اور واپسی کے بعد سے وہ مسلسل اپنی والدہ کے ساتھ مختلف عوامی سرگرمیوں میں شریک ہوتے نظر آرہے ہیں

 

۔ ویلوگمٹلا متاثرین کے حق میں جاری اس جدوجہد میں بھی انہوں نے اپنی والدہ کے شانہ بشانہ بیٹھ کر حمایت کا اظہار کیا، جس نے وہاں موجود کارکنوں اور متاثرین میں جذباتی کیفیت پیدا کردی۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی آدتیہ نے کویتا کی جانب سے پسماندہ طبقات کے لئے 42 فیصد ریزرویشن کے مطالبہ پر کی گئی بھوک ہڑتال اور بی سی بلس کی منظوری کیلئے منظم کردہ بند میں فعال طور پر شرکت کی تھی۔

 

اس کے علاوہ تلنگانہ جاگروتی کے عوامی پروگرام جنم باٹا میں بھی وہ سرگرم انداز میں حصہ لیتے رہے ہیں۔ویلوگمٹلا متاثرین کے حق میں جاری اس بھوک ہڑتال کے دوران آدتیہ کی موجودگی کو کارکنان نے ایک علامتی پیغام قرار دیا کہ کویتا کی جدوجہد صرف ایک سیاسی تحریک نہیں بلکہ انصاف اور غریبوں کے حق کی لڑائی ہے، جس میں ان کا خاندان بھی پوری طرح شریک ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button