مضامین

ادبی اُفق پر چمکتا نیا ستارہ: نیلوفر گل فریدآبادی کے افسانوی مجموعہ "دہلیز” کی فقید المثال رسمِ رونمائی”

"ادبی اُفق پر چمکتا نیا ستارہ: نیلوفر گل فریدآبادی کے افسانوی مجموعہ "دہلیز” کی فقید المثال رسمِ رونمائی”

 

6 جولائی 2025، ڈوڈہ / ادب اور احساس کے سنگم پر ایک اور خوبصورت تخلیق کا اضافہ اُس وقت ہوا جب جانی اسٹوڈیو (نزد منشی محلہ، ڈوڈہ) کی ادبی فضا اس وقت تالیوں، جذبات اور لفظوں کے نور سے جگمگا اٹھی، جب معروف افسانہ نگار نیلوفر گل فریدآبادی کا دوسرا افسانوی مجموعہ "دہلیز” کی فقید المثال اور یادگار رسمِ رونمائی عمل میں آئی۔یہ تقریب فریدیہ بزمِ ادب، ڈوڈہ جموں و کشمیر کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔ تقریب کی نظامت خطہ چناب کے معروف و معتبر صحافی جناب نصیر کھوڑا صاحب نے انتہائی خوش اسلوبی سے انجام دی، جنہوں نے نیلوفر گل فریدآبادی کے فکری سفر، ادبی شناخت، اور تخلیقی انداز پر بصیرت افروز گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ نیلوفر گل کے افسانے ریڈیو کشمیر جموں اور بھدرواہ سے بھی نشر ہوتے رہتے ہیں، ان کے متعدد افسانوں کا گوجری ، پہاڑی ،اور پنجابی زبانوں میں تراجم ہوئے ہیں، بہترین ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں عبد الکلام رتن ایوارڈ، گاندھی گلوبل پیس ایوارڈ، گورو سمان ایوارڈ، اور ویویکانند سیوا رتن ایوارڈ جیسے باوقار اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ معروف ناقدین نے ان کے افسانوی کام پر مضامین لکھے ہیں، جن میں ان کی فنّی باریکیوں کو سراہا گیا ہے۔

 

تقریب کی ایوانِ صدارت پر فائز محترم شاد فریدی صاحب، جب کہ مہمانانِ ذی وقار میں شامل تھے معروف شاعر و ادیب جناب الطاف حسین کشتواڑی، خطہ چناب کے ممتاز ادیب پروفیسر ظہیر عباس،معروف ادیب و مبصر مشتاق فریدی صاحب، نوجوان شاعر احمد ارسلان کشتواڑی، تعلیم و تدریس کے میدان کی اہم شخصیت قسمت سنگھ جرال (پرنسپل ہائر سیکنڈری اسکول بھالہ، SSA ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر) اور محترمہ شیبا ہاشمی صاحبہ ،تقریب میں شرکت کرنے والے دیگر قابلِ ذکر اور بااثر افراد میں شامل معروف صحافی اشتیاق دیو صاحب، سینئر لیکچرر ذاکرحسین (ڈائٹ ڈوڈہ)، ذی شعور سماجی شخصیت نثار احمد بانڈے صاحب، جنہوں نے نیلوفر گل کی ادبی خدمات پر نہایت خوبصورت انداز میں روشنی ڈالی۔ اور نعتیہ نشست کے دوران شہر کے مشہور نعت خواں جناب منظور صاحب المعروف مولوی صاحب نے دلوں کو چھو لینے والی نعت پیش کر کے تقریب کو روحانی جِلا بخشی۔

 

پروگرام کے دوران ڈاکٹر امتیاز اسد کھانجی اور یاسر عرفات طلبگار نے پیر خوانی کی سعادت حاصل کی، جب کہ نوجوان شعراء و ادباء نے بھی شرکت کر کے تقریب کی شان بڑھائی۔ پروفیسر ظہیر ہاشمی صاحب نے "دہلیز” کو ایک سنجیدہ، فکر انگیز اور جذباتی سطح پر قاری کو جھنجھوڑ دینے والی تخلیق قرار دیا۔ ان کے بقول یہ کہانیاں صرف قصے نہیں بلکہ انسان کے اندر کی صداؤں کا بیان ہیں۔

 

مشتاق فریدی صاحب نے نیلوفر گل کی تخلیقات کو آج کے عہد کی جراءت مند نسائی آواز کہا جو معاشرتی سچائیوں کا بےباک مگر پراثر بیان ہے۔

 

شاد فریدآبادی صاحب نے خرابی صحت کے سبب فون پر رابطہ کرتے ہوئے کہا کہ "دہلیز” صرف خوبصورت زبان میں لکھی گئی کہانیاں نہیں، بلکہ زندگی کی پیچیدگیوں، جذباتی الجھنوں اور سماجی سچائیوں کو سادہ انداز میں بیان کرنے کا جرات مند تجربہ ہے۔

 

جناب محمد حفیظ صاحب (CEO Doda) نے بھی فون پر اپنے تاثرات دیتے ہوئے انہوں نے نیلوفر گل کو علاقے کا فخر قرار دیا اور کہا کہ ان کی تحریریں نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

 

تقریب میں نیلوفر گل فریدآبادی نے نہایت پُراثر انداز میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا:

"دہلیز میری سوچ، تجربات اور مشاہدات کا نچوڑ ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ قاری ان افسانوں کو صرف پڑھنے کی حد تک نہ رکھے، بلکہ ان کے پسِ منظر میں چھپے جذبات کو محسوس کرے، اور زندگی کے کئی پہلوؤں پر سوچنے پر مجبور ہو۔”

ساتھ ہی انہوں نے تمام معزز مہمانانِ گرامی، اساتذہ، اہلِ قلم، نوجوان شعرا، صحافیوں، اور ادب دوست حضرات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فریدیہ بزمِ ادب کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب کا اہتمام کیا، اور جانی اسٹوڈیو کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے نہایت خوبصورت مقام اور سازگار ماحول فراہم کیا۔

تقریب میں اساتذہ، مقامی ادباء، نوجوان قلمکار، صحافی، شعرا، اور ادب سے محبت رکھنے والے حضرات و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔جن میں معروف صحافی اشتیاق احمد دیو۔نثار احمد بانڈے۔شہباز رشید بھورو ،یاسر عرفات طلبگار ،سنیر لیکچرر ذاکر حسین ڈائٹ ڈوڈہ ۔

حاضرین نے نیلوفر گل کی کتاب "دہلیز” کو نہ صرف سراہا بلکہ اس کی گہرائی، فن، اور جذباتی اثر پذیری کو محسوس کرتے ہوئے بھرپور انداز میں تحسین پیش کی اور مصنفہ کو مبارکباد دی۔

 

یہ تقریب سادگی، محبت، اور علم و ادب سے لبریز ایک ایسا یادگار لمحہ بن گئی جسے ڈوڈہ کے ادبی منظرنامے میں ایک روشن چراغ کی مانند ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button