تلنگانہ

تلنگانہ میں مفت سفر کرنے والی خواتین کے لئے آر ٹی سی کے مینجینگ ڈائریکٹر وی سی سجنار کی اہم اطلاع

حیدرآباد _ 14 دسمبر ( اردولیکس) تلنگانہ آر ٹی سی کے ایم ڈی وی سی سجنار نے کہا کہ کارپوریشن،  خواتین کے لیے مفت بس سفر کی سہولت کی اسکیم کو مزید موثر انداز میں نافذ کرنے کے لیے تمام اقدامات کرے گی۔ اسی سلسلے میں  کل (جمعہ) سے مفت سفر کرنے  والی خواتین کو زیرو ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔ ہر خاتون مسافر سے کہا گیا کہ وہ زیرو ٹکٹ لیں اور ادارے کے ساتھ تعاون کریں۔

جمعرات کو سجنار نے خواتین کو زیرو ٹکٹ دینے کے معاملے پر فیلڈ لیول کے عہدیداروں کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ کی۔ حکومت کی جانب سے حال ہی میں متعارف کرائی گئی مہالکشمی اسکیم کے تحت خواتین کے لیے مفت بس سفر کی سہولت کو خواتین کی جانب سے اچھا ردعمل مل رہا ہے۔ اسکیم کو بغیر کسی شکایت کے پرامن طریقے سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ کارپوریشن نے اس اسکیم کو زیادہ مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی آئی ایم مشینوں میں سافٹ ویئر انسٹال کیا جا رہا ہے اور ادارہ جمعہ سے مشینوں کے ذریعے زیرو ٹکٹ جاری کرے گا۔ خواتین مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے ساتھ آدھار، ووٹر وغیرہ شناختی کارڈ لائیں۔ ان سے کہا گیا کہ وہ مقامی شہری ہونے کی تصدیق کے لیے کنڈیکٹر کو اپنا شناختی کارڈ دکھائیں اور لازمی طور زیرو ٹکٹ لیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button