کاماریڈی کے دیون پلی میں آتشزدگی، کارپینٹر کی دکان اور مکان جل کر خاک

کاماریڈی(سیدکوثرعلی کی رپورٹ)کاما ریڈی کےدیون پلی گاؤں میں آج صبح سویرے اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے ایک کارپینٹر کی دکان مکمل طور پر جل کر خاک ہوگئی، جبکہ دکان کے اوپر واقع رہائشی مکان کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق، کاماریڈی کے 12ویں وارڈ دیون پلی میں وڈلا بال چندرم گزشتہ 30 برسوں سے اپنے بیٹوں کے ساتھ مکان کے نچلے حصے میں فرنیچر کی دکان چلا رہے تھے اور اوپر رہائش پذیر تھے۔ بدھ کی رات معمول کے مطابق کام ختم کرکے سب گھر میں سو گئے۔ جمعرات علی الصبح تقریباً 4:30 بجے بال چندرم نے دھواں دیکھا، اور کچھ ہی دیر میں آگ نے شدت اختیار کرلی۔
مقامی افراد نے فوری طور پر الرٹ ہو کر اہل خانہ کو باہر نکالا۔ اس دوران گھر میں موجود ضروری سامان کو نیچے منتقل کیا گیا۔ تاہم آگ کی شدت کے باعث بال چندرم کی اہلیہ شاردہ کو ہاتھ اور پاؤں میں معمولی چوٹیں آئیں۔
دکان میں موجود بھاری مقدار میں فرنیچر اور کارپینٹر مشینری آگ کی نذر ہوگئی۔ آگ اوپر تک پہنچنے سے مکان کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں اور فرش بھی متاثر ہوا۔ واقعے کے وقت گھر میں چار بڑے اور دو بچے موجود تھے۔
فائر بریگیڈ بروقت پہنچنے سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا، ورنہ جانی نقصان کا خدشہ تھا۔ ضلع فائر آفیسر سدھاکر نے موقع کا معائنہ کرتے ہوئے بتایا کہ مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے، اور انجینئر کی جانچ کے بعد ہی گھر میں داخل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مقامی کونسلر کاسرلا گوداوری سوامی نے متاثرہ خاندان کو حوصلہ دیا۔ متاثرین کے مطابق، حال ہی میں تقریباً 15 لاکھ روپے مالیت کا نیا فرنیچر خریدا گیا تھا جو مکمل طور پر جل گیا۔ اس آتشزدگی میں تقریباً 60 سے 70 لاکھ روپے کے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔پولیس واقعہ کی تحقیقات میں مصروف ہے




