نیشنل

گوا کے نائٹ کلب میں سلینڈر دھماکہ — آگ لگنے سے 23 افراد ہلاک ؛ مرنے والوں میں 4 سیاح بھی شامل

گوا میں خوفناک آگ لگنے کا سانحہ پیش آیا۔ شمالی گوا کے اَربورا گاؤں میں واقع "برچ بائی رومیو لین” نائٹ کلب میں ہفتہ کی آدھی رات کو گیس سلینڈر پھٹنے سے 23 افراد ہلاک ہوگئے۔

 

چیف منسٹر پرمود کمار ساونت کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 4  سیاح شامل ہیں، جب کہ باقی تمام افراد کلب کے ملازم تھے۔ حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جو کچن اسٹاف کا حصہ تھیں۔

 

پولیس کے مطابق تین افراد جھلس کر ہلاک ہوئے جبکہ 20 افراد دم گھٹنے سے فوت ہوگئے گ۔ یہ نائٹ کلب ریاستی دارالحکومت پاناجی سے تقریباً 25 کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے اور اسے گزشتہ سال شروع کیا گیا تھا۔

 

سلینڈر دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ایمرجنسی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ چیف منسٹر پرمود کمار ساونت اور مقامی ایم ایل اے مائیکل لوبو نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔

 

چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ اس حادثہ کی تفصیلی تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ نائٹ کلب میں حفاظتی اقدامات پر عمل نہیں کیا گیا تھا، اور اگر تحقیقات میں حفاظتی معیارات کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

ساتھ ہی چیف منسٹر نے کہا کہ اس کلب کو چلانے کی اجازت دینے والے سرکاری عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔پرمود ساونت نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے بدقسمت سانحہ قرار دیا،

 

اور مرنے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔ ایم ایل اے مائیکل لوبو کے مطابق نعشوں کو قبضہ میں لے کر سرکاری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اور اس علاقے میں موجود تمام نائٹ کلبوں کی جانچ کی جائے گی۔ایم ایل اے نے کہا کہ بغیر اجازت چلنے والے نائٹ کلبوں کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button