والدین کے درمیان دب کر 26 دن کا بچہ جاں بحق

نئی دہلی ۔ اترپردیش کے ضلع امروہہ کے سیہالی جاگیر گاؤں میں ایک دردناک واقعہ پیش آیا جہاں نیند میں والدین کے درمیان دب کر 26 دن کا نومولود بچہ فوت ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پودوں کی نرسری چلانے والے صدام کی شادی ایک سال قبل اسما سے ہوئی تھی۔ گزشتہ ماہ اسما نے ایک لڑکے کو جنم دیا۔ پیدائش کے بعد بچے کو سانس لینے میں دشواری پیش آنے پر ڈاکٹروں نے چند دن تک اسے خصوصی نگرانی میں رکھا۔
حالت بہتر ہونے پر میاں بیوی بچے کو گھر لے آئے۔چند دن بعد بچے کو خارش الرجی جیسی علامات ظاہر ہوئیں تو اس کا دوبارہ علاج کروایا گیا۔ بچے کا نام بھی رکھ دیا گیا تھا اور سب کچھ معمول کے مطابق چل رہا تھا کہ اچانک یہ حادثہ ہو گیا۔
گزشتہ ہفتہ کی رات والدین نے بچے کو اپنے بیچ میں سلا لیا تھا ،اسی دوران حالت نیند میں وہ والدین کے درمیان دب کر سانس نہ لے سکا اور فوت ہو گیا۔ اتوار کی صبح جب اسما نے بچے کو دودھ پلانے کی کوشش کی تو اس کی کوئی حرکت نہ دیکھ کر وہ گھبرا گئی۔
فوراً ہی بچے کو گجولا کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا لیکن اس کی جان نہیں بچ سکی۔



