نیشنل

بنگلور سے القاعدہ سے روابط کے الزام میں 30 سالہ خاتون شمع پروین گرفتار 

بنگلور: گجرات انسداد دہشت گردی دستہ  نے القاعدہ برصغیر سے منسلک دہشت گردی کے ایک آن لائن نیٹ ورک کی مبینہ دہشت گرد شمع پروین کو کرناٹک کے شہر بنگلور سے منگل کے روز گرفتار کر لیا۔ 30 سالہ شمع پروین اس نیٹ ورک کی کلیدی سازشی اور آپریشنز کی مرکزی رابطہ کار بتائی جا رہی ہے، جو مبینہ طور پر کرناٹک سے پورے نیٹ ورک کو چلا رہی تھی۔

 

یہ گرفتاری ان چار دہشت گردوں سے حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر عمل میں آئی جنہیں گزشتہ ہفتے اے ٹی ایس نے گرفتار کیا تھا۔ گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سانگھوی نے بتایا کہ بنگلور سے گرفتار ہونے والی خاتون شدت پسند نظریات رکھتی ہے اور ایک آن لائن دہشت گردی نیٹ ورک چلا رہی تھی۔ ان کے مطابق، شمع پروین کے الیکٹرانک آلات سے کچھ اہم پاکستانی روابط بھی برآمد ہوئے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ گجرات اے ٹی ایس نے پہلے القاعدہ  کے چار دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا… کل ایک خاتون کو بنگلور سے حراست میں لیا گیا۔ وہ شدت پسندی کی حد تک متاثر ہے اور ایک آن لائن دہشت گردی ماڈیول چلا رہی تھی۔ اس کے آلات سے اہم پاکستانی روابط برآمد ہوئے ہیں۔ اب تک گجرات اے ٹی ایس  نے اس ماڈیول سے جڑے پانچ  دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔‘‘

 

واضح ر ہے کہ 23 جولائی کو گجرات اے ٹی ایس نے  کے دہشت گردوں کا ایک نیٹ ورک بے نقاب کیا تھا، جس میں چار دہشت گرد گرفتار ہوئے تھے۔ ان میں ایک کو دہلی، ایک کو نوئیڈا، جب کہ دو کو گجرات کے احمدآباد اور موداسا سے حراست میں لیا گیا۔

 

گرفتار شدگان کی شناخت محمد فائق (والد محمد رضوان)، محمد فردین (والد محمد رئیس)، سیف اللہ قریشی (والد محمد رفیق)، اور ذیشان علی (والد آصف علی) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ چاروں نوجوان 20 سے 25 سال کی عمر کے ہیں اور ملک میں بڑے پیمانے پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ یہ تمام افراد سوشل میڈیا کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطے میں تھے، اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button