جموں کشمیر میں بادل پھٹنے سے 33 افراد ہلاک – ہمالیائی مندر کی یاترا کے دوران حادثہ

جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے چوسٹی گاوں میں جمعرات کو شدید بادل پھٹنے کے واقعہ نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجہ میں دو سی آئی ایس ایف جوانوں سمیت کم از کم 33 افراد ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ 220 سے زیادہ افراد لاپتہ ہیں۔ اچانک آنے والے سیلاب اور بڑے پیمانے پر تباہی کے بعد راحت و بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ آفت ماتا چندی کے ہمالیائی مندر کی طرف جانے والی مشائل ماتا یاترا کے راستے پر پیش آئی، جس سے یاترا کا پورا سلسلہ درہم برہم ہوگیا۔ بچاؤ ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
جموں و کشمیر کے چیف منسٹر عمر عبداللہ نے بتایا کہ انہوں نے اس صورتحال سے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو آگاہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقے سے مصدقہ معلومات آہستہ آ رہی ہیں، مگر ریاست کے اندر اور باہر سے تمام ممکنہ وسائل کو بچاؤ کارروائیوں کے لیے متحرک کیا جا رہا ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ اس وقت میڈیا سے بات نہیں کریں گے اور حکومت وقتاً فوقتاً معلومات فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سانحہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا، کہ میری دعائیں اور ہمدردیاں کشتواڑ میں بادل پھٹنے اور سیلاب سے متاثرہ تمام افراد کے ساتھ ہیں۔ صورتحال پر قریب سے نظر رکھی جا رہی ہے۔ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے اور ضرورت مندوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔‘