نیشنل

بہار میں بجلی گرنے سے 7 افراد کی موت، 19 اضلاع میں آندھی طوفان اور تیز بارش کی‌پیش‌قیاسی

File photo

بہار میں بجلی گرنے سے 7 افراد کی موت، 19 اضلاع میں آندھی طوفان اور تیز بارش کی‌پیش‌قیاسی

 

نئی دہلی ۔ ریاست بہار میں اچانک موسم نے کروٹ لی ہے اور کئی اضلاع میں بارش اور بجلی گرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بھی ریاست کے 19 اضلاع میں آندھی طوفان اور تیز بارش کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔ کسانوں اور عام لوگوں کو موسم کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

 

ریاست میں بجلی گرنے‌ کے‌ واقعات میں 7 افراد کی جان چلی گئی ہے جن میں بیگوسرائے کے 4 اور مدھوبنی کے 3 افراد شامل ہیں۔بیگوسرائے میں دیر رات موسم بدلنے کے بعد تیز بارش ہوئی۔ اسی دوران بجلی گرنے کی وجہہ سے 2 افراد کی موت ہو گئی۔ بھگوان پور بلاک کی مختیار پور پنچایت کے مانو پور گاؤں میں 13 سالہ انشو کماری کی موت ہو گئی۔ اسی طرح بلیا تھانہ حلقہ کے بھگت پور میں بجلی گرنے سے ایک مزدور کی موت ہو گئی جبکہ اس کی بیوی شدید طور پر زخمی بتائی گئی ہے۔

 

صاحب پور کمال کے سنہا نوٹولیہ کی اندرا دیوی کی بھی موت بجلی گرنے سے ہوئی ہے۔ یہ واقعہ مسودن پور دیارہ سڑک کے موہن پور ڈھابے کے قریب پیش آیا۔ مفصل تھانہ حلقہ کے کولا بہیار میں فصل دیکھ کر ایک کسان واپس آ رہا تھا کہ اچانک بجلی گرنے سے اس کی موت ہو گئی۔

 

ادھر مدھوبنی میں چہارشنبہ کی صبح بجلی گرنے سے باپ بیٹی سمیت 3 افراد کی موت ہو گئی۔ پہلا واقعہ جھنجھار پور کے پپرولیا میں پیش آیا جہاں بجلی کی زد میں آنے کی وجہ سے کھیت کی طرف جانے والی ایک خاتون کی موت ہو گئی۔

 

ریاست کے کئی مقامات پررات سے ہی تیز بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے مدھوبنی شہر کی سڑکوں پر پانی بھر گیا ہے۔ دربھنگہ کے کچھ علاقوں میں بھی بارش ہوئی ہے۔ دربھنگہ کے جالے میں منگل کی رات تیز ہوا کی وجہ سے لوگوں کے کچےمکانات کی چھتوں کو نقصان پہنچا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button