نیشنل

برقعہ پہن کر لیڈیز کمپارٹمنٹ میں گھس گیا ایک شخص۔ ممبئی لوکل ٹرین میں عجیب و غریب واقعہ

ممبئی: ملک کے تجارتی دارلحکومت ممبئی میں ایک چونکا دینے والا اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا جس نے شہریوں کی سلامتی اور عوامی نقل و حمل کے نظام پر کئی سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ ایک انتہائی مصروف لوکل ٹرین میں ایک نامعلوم شخص برقعہ پہن کر خواتین کے مخصوص ڈبے میں داخل ہو گیا

 

 

جس سے مسافروں میں خوف اور ہلچل مچ گئی۔یہ واقعہ گھاٹ کوپر اسٹیشن سے گزرنے والی ایک لوکل ٹرین میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق برقعہ پہنے اس شخص کے حرکات و سکنات ابتدا ہی سے مشکوک محسوس ہو رہے تھے۔ اس کا چلنے کا انداز، آواز اور برتاؤ خواتین مسافروں سے مختلف تھا جس پر ڈبے میں موجود خواتین کو شک ہوا۔

 

 

مسافروں نے فوری طور پر ہوشیاری دکھاتے ہوئے اس شخص کو گھیر لیا اور اس سے سوالات کرنے لگیں۔جب بات چیت کے دوران یہ واضح ہوا کہ برقعہ پہننے والا دراصل ایک مرد ہے تو خواتین مسافروں نے فوراً ریلوے حکام اور سیکیورٹی عملے کو اطلاع دی۔ تاہم اگلے اسٹیشن پر پہنچنے سے قبل ہی ملزم موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چلتی ٹرین سے کود گیا

 

 

اور پاس ہی کھڑی دوسری ٹرین میں سوار ہو کر فرار ہو گیا۔واقعے کی ویڈیو کسی مسافر نے موبائل فون پر ریکارڈ کر لی جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس اور ریلوے حکام نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔

 

 

پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور قریبی اسٹیشنوں پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے۔پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم چوری یا کسی مجرمانہ واردات کی نیت سے بھیس بدل کر خواتین کے ڈبے میں داخل ہوا ہو سکتا ہے۔

 

 

فی الحال ملزم کی تلاش جاری ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔ اس واقعے کے بعد مسافروں خاص طور پر خواتین کی سلامتی کے حوالے سے ایک بار پھر سخت سیکیورٹی اقدامات کی ضرورت

 

 

پر زور دیا جا رہا ہے کیونکہ بعض خواتین مسافرین کا کہنا ہے کہ برقعہ پہناہوا شخص خواتین کو غلط انداز سے چھو رہا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button