نیشنل

مسلم تاجر پر ٹرین میں ہجومی تشدد _ دہلی سے مرادآباد واپسی کے دوران واقعہ _ ویڈیو دیکھیں

مراد آباد _14 جنوری ( اردولیکس ڈیسک) اترپردیش  کے مراد آباد میں رہنے والے ایک مسلم تاجر کے ساتھ ہجومی تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ شخص دہلی سے مرادآباد واپسی کے دوران کچھ لوگوں نے پدماوت ایکسپریس ٹرین میں اس  تاجر کے ساتھ مار پیٹ کی ۔  اس پورے واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس کے بعد ریلوے پولیس نے بریلی اسٹیشن سے دو ملزمین کو گرفتار کیا۔ متاثرہ نے بتایا کہ وہ مراد آباد کا رہنے والا ہے اور کاروبار کے سلسلے میں دہلی گیا ہوا تھا۔

موب لنچنگ کا نشانہ بننے والے تاجر کا نام عاصم حسین ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کاروبار کے سلسلے میں وہ اکثر دہلی آتے جاتے رہتے ہیں۔ متاثرہ نے بتایا کہ دہلی سے واپسی کے دوران وہ پدماوت ایکسپریس کی جنرل بوگی میں سفر کر رہا تھا۔ ہاپوڑ ریلوے اسٹیشن پر جب ٹرین رکی تو کچھ نوجوان بوگی میں گھس گئے اور اس  سے لڑائی شروع کردی۔ متاثرہ نے بتایا کہ حملہ آوروں نے اس کی داڑھی پکڑ لی اور اسے چور کہا اور پھر مارنا پیٹنا شروع کردیا۔

متاثرہ تاجر عاصم حسین نے بتایا کہ حملہ آوروں نے اسے جئے شری رام کے نعرے لگانے کو بھی  کہا اور جب اس نے نعرے لگانے سے انکار کیا تو نوجوانوں نے اس کے کپڑے اتار دیے اور بیلٹ سے اسے بری طرح پیٹنا شروع کردیا۔ غنڈوں کا تشدد عاصم حسین کے بے ہوش ہونے تک جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت مجھ پر حملہ کیا جا رہا تھا اس وقت ٹرین کی بوگی میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے لیکن کسی نے انہیں بچانے کی کوشش نہیں کی۔ اسی دوران جب ٹرین مراد آباد اسٹیشن کے قریب پہنچی تو پلیٹ فارم سے پہلے ہی کسی نے اسے ٹرین سے دھکا دے دیا۔

 

ماب لنچنگ واقعہ کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے بریلی سے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ جی آر پی مرادآباد کے سی او کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ ہجومی تشدد کا واقعہ سامنے آنے کے بعد ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کی سیکورٹی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button