نیشنل

مسلم ٹیچر نے دیوی سرسوتی کی تصویر کے سامنے پھول نچھاور کرنے سے کردیا انکار _ ویڈیو دیکھیں

حیدرآباد _ 28 جنوری ( اردولیکس ڈیسک) اترپردیش  کے علی گڑھ ضلع کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ جہاں ایک پرائمری اسکول کے مسلمان ٹیچر نے دیوی سرسوتی کی تصویر کے سامنے پھول چڑھانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں اللہ کے سوا کسی کے سامنے سر نہیں جھکاتا’۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق وائرل ہونے والا ویڈیو ضلع علی گڑھ کی تحصیل اگلاس کے گاؤں لکھتوئی کے پرائمری اسکول کا ہے۔ جہاں 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کے موقع پر جب اسکول کے تمام اساتذہ  دیوی بھارت ماتا اور سرسوتی کی تصویر کے سامنے پھول چڑھا رہے تھے۔ اسی دوران وہاں کے ایک مسلم ٹیچر حسام الدین کو بھی ساتھی اساتذہ نے دیوی سرسوتی کو پھول چڑھانے کو کہا ۔ لیکن انھوں نے انکار کر دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پہلے تو وہ طبیعت خراب ہونے کی بات کہی ۔ جب ساتھی اساتذہ نے انھیں زبردستی کی تو حسام الدین نے سیدھا کہہ دیا کہ یہ میرے مذہب میں نہیں ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ وہ کسی کے سامنے سر نہیں جھکاتے، صرف اوپر والے کے سامنے سر جھکاتے ہیں۔ اسی دوران کسی نے اس واقعہ کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

میں اللہ کے سوا کسی کے آگے سر نہیں جھکاتا

ویڈیو میں صاف نظر آرہا ہے کہ استاد حسام الدین کرسی پر بیٹھے ہیں۔ تبھی دو تین لوگ اس کے پاس پہنچ جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ غلط بات ہے۔ ہم مسلمانوں کے پروگراموں میں بھی جاتے ہیں اور وہاں سجدہ بھی کرتے ہیں۔ اس پر حسام الدین کہتے ہیں  کہ آپ لوگ ٹھیک کہتے ہیں لیکن میں اللہ کے سوا کسی کے سامنے سر نہیں جھکاتا۔ کافی دباؤ کے بعد حسام الدین ماں سرسوتی کے سامنے پھول چڑھاتے ہیں۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد معاملہ پولیس کے علم میں آیا۔ اس کے بعد اگلاس پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر وجے سنگھ اپنی ٹیم کے ساتھ اسکول پہنچے اور معاملے کی جانچ شروع کی۔

اسی دوران  بنیادی تعلیم کے حکام نے معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔ بنیادی شکشا ادھیکاری (BSA) ستیندر سنگھ نے کہا کہ  "بلاک ایجوکیشن آفیسر کو وائرل ویڈیو کے بارے میں الرٹ کر دیا گیا ہے اس کی تصدیق ہو رہی ہے۔ اگر معلومات درست پائی جاتی ہیں تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button