نیشنل

بی جے پی کارکنوں کی غنڈہ گردی – میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں ایڈیشنل کمشنر پر لاتیں اور گھونسے مارتے ہوئے گھسیٹ کر باہر لے گئے

بھونیشور: پیر کی صبح بھونیشور میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے دفتر میں اُس وقت افراتفری مچ گئی جب مبینہ طور پر بی جے پی لیڈر جگن ناتھ پردھان کے حامیوں نے عوامی شکایات کی سماعت کے دوران اڈیشہ ایڈمنسٹریٹو سروس  کے سینئر افسر اور ایڈیشنل کمشنر رتناکر ساہو پر بے رحمانہ حملہ کردیا۔

 

حملہ آوروں نے ساہو کو سب کے سامنے لاتوں اور گھونسوں سے مارا، اُنہیں دفتر سے گھسیٹ کر باہر نکالا، اور دیگر ملازمین و افسران کو بھی دھمکیاں دیں۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آور بی جے پی کے مقامی لیڈر جگن ناتھ پردھان کے کارکن تھے۔ انہوں نے میئر سُلوچنا داس سے بھی بدتمیزی کی۔

 

تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے اس ہنگامے کی وجہ سے عوامی شکایات کے اندراج اور سماعت کا عمل متاثر ہوا اور کارپوریشن کا دوسرا کام بھی ٹھپ ہو گیا۔ اس واقعہ نے سرکاری دفاتر میں سیکورٹی کے انتظامات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

 

واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بی ایم سی کے ملازمین نے دفتر کے احاطے میں ایک روزہ دھرنا دیا اور ملزمین کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ شام کو کارپوریشن کے کونسلروں اور ملازمین نے جن پتھ روڈ کو بلاک کر کے احتجاج کیا۔

 

ایڈیشنل کمشنر ساہو نے کھارویلا نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ انہوں نے بتایا کہ  سماعت کے دوران 6 سے 7 افراد کمرے میں گھس آئے اور پوچھا کہ کیا میں نے جگن ناتھ پردھان سے بات کی ہے۔ میں نے بتایا کہ صبح فون پر مختصر بات ہوئی تھی، لیکن وہ اچانک مجھ پر حملہ آور ہو گئے۔

 

ساہو نے الزام لگایا کہ حملہ آور انہیں زبردستی گاڑی میں بٹھا کر جگن ناتھ پردھان کے پاس لے جانا چاہتے تھے تاکہ وہ معافی مانگیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حملہ آوروں نے اُن کا موبائل فون بھی چھین لیا اور اُس میں قابل اعتراض مواد واٹس ایپ اسٹیٹس پر اپلوڈ کر دیا۔

 

میئر سُلوچنا داس نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کارپوریشن دفتر میں سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا اور حکومت سے مسلح سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کی درخواست کی۔

 

بی ایم سی کمشنر راجیش پربھاکر پاٹل نے پولیس کمشنر ایس دیو دت سنگھ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی اشتعال کے ایک سینئر افسر پر حملہ نہایت افسوسناک ہے۔ ساہو میری جگہ عوامی شکایات کی سماعت کر رہے تھے۔ میں نے کمشنریٹ پولیس سے سخت کارروائی کی اپیل کی ہے۔

 

پولیس نے ساہو کی شکایت پر کاروائی کرتے ہوئے وارڈ نمبر 29 کے کارپوریٹر جیون راؤت اور اُن کے دو ساتھیوں رشمی مہاپاترا اور دیباسس پردھان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق جیون راؤت نے حملے کے لیے اُکسانے کا کام کیا جبکہ رشمی اور دیباسس نے براہِ راست حملہ کیا۔ تینوں کو عدالت میں پیش کیا جائے گا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

پولیس نے دیگر حملہ آوروں کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے، اور بی ایم سی دفتر میں اضافی فورس تعینات کر دی گئی ہے۔

 

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کارپوریٹر جیون راؤت کو جنوری 2024 میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر پر حملے کے الزام میں بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے شام کے وقت سڑک بند کرنے اور ٹریفک میں خلل ڈالنے پر بی جے ڈی کے بعض کونسلروں اور کارکنوں کو بھی حراست میں لیا ہے۔

 

.

 

متعلقہ خبریں

Back to top button