بہار میں آر جے ڈی سے اتحاد کے لئے مجلس تیار – بیرسٹر اویسی کا اعلان

کل ہند مجلس اتحاد المسلیمن کے صدر و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے چہارشنبہ کو اعلان کیا ہے کہ ان کی پارٹی بہار میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ساتھ اتحاد کے لیے تیار ہے۔
اس مقصد کے لیے انہوں نے قائد اپوزیشن تیجسوی یادو کو ایک باضابطہ خط بھی بھیجا ہے تاکہ آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل اپنی جماعت کو مہاگٹھ بندھن میں شامل کر سکیں۔بیرسٹر اویسی نے 24 سے 27 ستمبر تک سیمانچل کے چار روزہ دورے "سیمانچل نیاے یاترا” کے ذریعہ اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا۔
بہار کے کشن گنج ضلع میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر اویسی نے کہا کہ اخترالایمان نے یہاں کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کو خط لکھا ہے اور ہم نے میڈیا کے ذریعہ بھی کہا ہے کہ مجلس پارٹی اتحاد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی نے 6 نشستوں کا مطالبہ کیا ہے،
لیکن اس کا فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو بہار کے عوام خود دیکھ لیں گے کہ کون بی جے پی کو کامیاب کرانا چاہتا ہے اور کون اسے روکنا چاہتا ہے۔ ہم نے اپنی ذمہ داری ادا کر دی ہے، اب فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے۔۔
اس دوران حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اویسی مختلف اسمبلی حلقوں میں روڈ شوز اور کارنر میٹنگز سے خطاب کریں گے اور خطے کی پسماندگی و ترقی کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔