نیشنل

اجیت پوار طیارہ حادثہ، ممتا بنرجی نے کیا شکوک و شبہات کا اظہار، شرد پوار کا رد عمل 

اجیت پوار طیارہ حادثہ، ممتا بنرجی نے کیا شکوک و شبہات کا اظہار، شرد پوار کا رد عمل

ممبئی: ریاست مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی موت پر این سی پی (ایس پی) کے سربراہ شرد پوار نے ردِعمل ظاہر کیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثہ مکمل طور پر ایک حادثہ تھا اور اس پر سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔طیارہ حادثے کے بارے میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی جانب سے شکوک و شبہات ظاہر کیے جانے کے بعد شرد پوار پہلی بار میڈیا کے سامنے آئے اور کہا کہ اجیت کی موت سے گہرا رنج ہوا ہے۔

 

شرد پوار نے کہا“اجیت پوار کی اچانک موت نے شدید صدمہ پہنچایا ہے۔ ریاست نے ایک قابل اور مؤثر لیڈر کو کھو دیا ہے۔ اس نقصان کی تلافی ممکن نہیں لیکن ہر چیز ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتی۔ کچھ لوگ اس واقعے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ براہِ کرم اس پر سیاست نہ کریں۔ یہ مکمل طور پر ایک حادثہ تھا۔ اس واقعے نے نہ صرف مجھے بلکہ پوری ریاست کو گہرے غم میں مبتلا کر دیا ہے۔

 

میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ اس سانحے کو سیاست کا موضوع نہ بنائیں۔”اس سے قبل ممتا بنرجی نے اجیت پوار کے طیارہ حادثے پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں سازش کا پہلو ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی تحقیقات سپریم کورٹ کی نگرانی میں کی جائیں

 

اور کہا کہ انہیں عدالت عظمیٰ پر ہی اعتماد ہے۔اسی تناظر میں شرد پوار نے کہا کہ وہ میڈیا کے سامنے اسی لیے آئے ہیں تاکہ اس طرح کی قیاس آرائیوں کو ختم کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ اجیت پوار آسج طیارے کے حادثے میں ہلاک ہو گئے ان کی ہلاکت کے بعد سے کئی طرح کے شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا تھا جس پر ان کے چچا نے یہ بیان جاری کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button