نیشنل

اکتوبر 3جمعہ کو آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی ملک گیر بند کی اپیل

مولانا غیاث احمد رشادیؔ مولانا عمر عابدین قاسمی ؔرفعت اللہ شاہد کنوینرس وقف بچاو دستور بچاو مہم تلنگانہ کی اطلاع کے مطابق آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے خلاف ملک گیر سطح پر احتجاجی تحریک کو مزید تیز کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 3؍اکتوبر 2025 بروز جمعہ کو پورے ہندوستان میں کاروبار اور دفاتر صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بند رہیں گے۔

 

اس بند کے دوران صرف میڈیکل خدمات کا استثنیٰ دیا گیا ہے ۔بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحمٰن مجددی صاحب نے واضح کیا ہے کہ یہ بند پرامن احتجاج کی ایک شکل ہے جس کا مقصد اوقاف کی بقا اور آئینی حقوق کا تحفظ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ تحریک کسی طبقے کے خلاف نہیں بلکہ صرف اور صرف ظالمانہ ترامیم کے خلاف ہے۔

 

ملت اسلامیہ اپنے دینی تشخص اور آئینی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے 15 ستمبر کو وقف ایکٹ پر عبوری فیصلہ سناتے ہوئے پورے قانون پر روک لگانے سے انکار کیاہے، تاہم بعض متنازعہ دفعات کو معطل کیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ اس قانون کی آئینی حیثیت پر تفصیلی بحث کی ضرورت ہے اور فریقین کو دلائل پیش کرنے کا پورا موقع دیا جائے گا۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے پہلے ہی’’وقف بچاؤ، دستور بچاؤ‘‘مہم شروع کر رکھی ہے

 

۔ 19 ؍ستمبر کو جمعہ کی نمازوں کے خطبات میں اس تحریک کا دوسرا مرحلہ شروع ہوا، 24 ؍ستمبر کو دہلی کے جنتر منتر پر دھرنا دیا جائے گا، اور 16؍ نومبر کو رام لیلا میدان میں ایک عظیم الشان ریلی منعقد کی جائے گی۔بورڈ نے ملت کے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ 3 اکتوبر کے ہندوستان بند میں بھرپور شرکت کریں اور یہ پیغام عام کریں کہ وقف کا تحفظ صرف جائیدادوں کا نہیں بلکہ ملت کی غیرت، شناخت اور دینی آزادی کی بقا کا سوال ہے ۔

 

صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور اسد الدین اویسی صاحب رکن ڈاکٹر متین الدین قادری صاحب رکن و دیگر جمیع اراکین بورڈ نے شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے جمیع اضلاع کے ائمہ وخطباء سے اپیل کی ہے جمعہ کے موقع پر اس بند سے متعلق عوام سے بھرپور اپیل کریں اور اس بند کو کامیاب بنانے کی مصلیان سے گزارش کریں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button