آندھراپردیش تبلیغی جماعت کے سابق صدر و معروف عالمِ دین حضرت مولانا مفتی عبدالوھاب صاحب قاسمی رشادی (رحمہ اللہ) کا سانحہ ارتحال – چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کا اظہار تعزیت
آندھراپردیش کے نیلور سے تعلق رکھنے والے معروف عالمِ دین، جید فقیہ اور سماجی رہنما حضرت مولانا مفتی عبدالوھاب صاحب قاسمی رشادی (رحمہ اللہ) کا انتقال ہوگیا۔
ان کے انتقال کی خبر سے علمی و دینی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم نے اپنی زندگی کے ساٹھ برس سے زائد عرصے کو اسلامی تعلیم، قرآن و حدیث کی تدریس اور جامعہ نورالہدیٰ مدرسہ کی خدمت کے لئے وقف رکھا۔ وہ پچاس برس تک آندھرا پردیش میں تبلیغی جماعت کے صدر رہے،
جبکہ 2008 سے آندھرا پردیش جمیعت العلماء کے اعزازی صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ عربی ادب، فقہ، حدیث اور دیگر اسلامی علوم پر انہیں گہری دسترس حاصل تھی اور دینی کے ساتھ سماجی میدان میں بھی ان کی خدمات قابلِ قدر رہی ہیں۔
مرحوم کے انتقال پر علما، دانشوروں اور مختلف سماجی حلقوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور اسے ملت کے لئے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔
آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے تعزیتی پیغام میں مرحوم کی دینی، تعلیمی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ وہ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔



