چلتی ٹرین میں سیٹ کے مسلہ پر جھگڑا – تین بھائیوں پر جان لیوا حملہ ؛ توحید نامی نوجوان کی موت

نئی دہلی : اترپردیش کے امیٹھی میں چلتی ٹرین میں سیٹ پر بیٹھنے کے مسلہ پر ہوئے جھگڑے کے بعد رانی پور کے رہنے والے ایک مسافر توحید کا چاقو سے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
مقتول کے بھائیوں طالب اور توصیف پر بھی حملہ کردیا گیا ان کی حالت تشویشناک ہے۔ اس قتل کیس میں ملوث دیپک، متھن، پون اور سوجیت کو گرفتار کرلیا گیا
تفصیلات کے مطابقا تر پردیش کے امیٹھی میں نہال گڑھ ریلوے اسٹیشن پر بیگم پورہ ایکسپریس ٹرین میں سیٹ پر بیٹھنے کے معاملے پر جھگڑا ہوا، جس میں شدید مارپیٹ ہوئی۔ اس واقعے میں تین نوجوان زخمی ہوئے جنہیں ہاسپٹل لے جایا گیا۔
علاج کے دوران ایک نوجوان کی موت ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر ضلع ایس پی ہاسپٹل پہنچے اور زخمیوں کی حالت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
یہ واقعہ جگدیش پور تھانے کے نہال گڑھ ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں سیٹ کے معمولی تنازعہ پر جھگڑا ہوا۔ اس دوران تین بھائیوں پر چھریوں سے حملہ کیا گیا۔ ایک بھائی کی موت ہو گئی، دوسرے کا علاج جگدیش پور ٹراما سینٹر میں جاری ہے، اور تیسرے کو لکھنؤ ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔
زخمی توصیف نے بتایا کہ ان کا بھائی توحید امبالہ سے گھر آ رہا تھا۔ راستے میں ٹرین میں چھ افراد نے ان پر چھریوں سے حملہ کر دیا۔ بھائی نے فون پر اطلاع دی، جس پر وہ اپنے ایک اور بھائی طالب کے ساتھ نہال گڑھ پہنچے۔ اسٹیشن پر پہنچنے کے بعد حملہ آوروں نے ان پر بھی حملہ کر دیا، جس سے وہ بھی زخمی ہو گئے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ سارا معاملہ جموں توی سے وارانسی آنے والی بیگم پورہ ایکسپریس ٹرین کا ہے۔ اسی ٹرین میں سلطان پور ضلع کے گوتم پور گاؤں کے رہنے والے دیپک، متھن، پون اور سوجیت نامی نوجوان جو اپنے گھر لوٹ رہے تھے، امبالہ اسٹیشن سے جنرل بوگی میں بیٹھے تھے۔ جب ٹرین لکھنؤ پہنچی تو امیٹھی ضلع کے رانی پور گاؤں کا رہنے والا توحید بھی اسی بوگی میں سوار ہوا تھا
امیٹھی کے ایس پی انوپ کمار سنگھ نے اطلاع ملنے پر زخمیوں کی عیادت کی اور موقع کا معائنہ کیا۔ اور حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے موجودہ حالات قابو میں ہیں، لیکن معاملے کی تفتیش جاری ہے۔