آسام کے کریم گنج ضلع کا نام ” شری بھومی” میں تبدیل
آسام حکومت نے کریم گنج ضلع کا نام تبدیل کرتے ہوئے اسے "شری بھومی” قرار دیا ہے۔ اس اہم فیصلے کا اعلان آسام کے چیف منسٹر ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما نے کابینہ کے اجلاس کے بعد کیا۔ یہ اقدام ریاست میں مختلف دیہاتوں کے ناموں میں تبدیلی کی ایک سلسلہ وار کوشش کا حصہ ہے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ یہ فیصلہ رابندر ناتھ ٹیگور کی ایک صدی پرانی تحریروں سے متاثر ہو کر کیا گیا ہے۔ ٹیگور نے اس علاقے کو "شری بھومی” یعنی "ماں لکشمی کی زمین” کہا تھا۔ چیف منسٹر سرما نے کہا کہ یہ نام تبدیل کرنے کا مقصد کمیونٹی کی دیرینہ خواہشات کو پورا کرنا ہے اور ایسے ناموں کو ہٹانا ہے جو تاریخی یا لسانی اہمیت نہیں رکھتے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ "100 سال سے زیادہ عرصہ پہلے، کبِی گرو رابندر ناتھ ٹیگور نے موجودہ کریم گنج ضلع کو شری بھومی یعنی ماں لکشمی کی زمین قرار دیا تھا۔ آج، آسام کابینہ نے ہمارے عوام کے اس دیرینہ مطالبے کو پورا کیا ہے۔
چیف منسٹر ہیمنت نے کہا کہ آسام حکومت کا یہ اقدام ریاست کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے اور اس کی عکاسی کرنے کی ایک کوشش ہے۔ ریاست میں مختلف دیہاتوں اور علاقوں کے ناموں کو ان کی مقامی ثقافت اور تاریخ کے مطابق تبدیل کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ نام تبدیل کرنے کا فیصلہ اس علاقے کے لوگوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے اور اس سے نہ صرف تاریخ کی عکاسی ہوگی بلکہ مقامی ثقافت کو بھی فروغ ملے گا۔