گجرات میں کانگریس دفتر پر بی جے پی کارکنوں کا حملہ اور دہلی میں احتجاج ۔راہل گاندھی کی سنگھ پریوار پر تنقید

نئی دہلی: پارلیمنٹ میں اپوزیشن قائد راہل گاندھی کے آرایس ایس اور بی جے پی سے متعلق کئے گئے ریمارکس پر دہلی اورگجرات میں بی جے پی کارکنوں نے احتجاج کیا۔ کارکنوں نے احمد آباد میں کانگریس دفتر پر حملہ کردیا۔ احتجاج کرنے والوں نے کانگریس کے دفتر پر سنگباری کی۔
اسی طرح دہلی میں بھی راہل گاندھی کی جانب سے ایک طبقہ کے خلاف کئے گئے ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے قومی دار الحکومت میں احتجاج کیا۔ اس موقع پردہلی بی جے پی رکن پارلیمنٹ بنسوری سوراج نے کہا کہ راہول گاندھی نے غیر ذمہ دارانہ ریمارکس کئے ہیں۔ انہوں نے تنقید کہا کہ راہول گاندھی خوش آمد پسند سیاست کو فروغ دینے کے مقصد سے اس طرح کے ریمارکس کررہے ہیں۔ پارٹی دفتر پر حملہ کے بعد راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کیا جس میں انھوں نے لکھا کہ گجرات کانگریس کے دفتر پر حملہ بزدلانہ
اور پرتشدد حملہ بی جے پی اور سنگھ پریورار سے متعلق میری بات کو مزید پختہ کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تشدد اورنفرت پھیلانے والے بی جے پی کے لوگ ہندو مذہب کے بنیادی اصولوں کو نہیں سمجھتے۔ انھوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ انڈیا اتحاد گجرات میں کامیاب ہوگا۔




