ایودھیا گینگ ریپ کیس نے نیا موڑ لیا: ڈی این اے شواہد پر ایس پی لیڈر معید خان باعزت بری
ایودھیا ضلع میں 12 سالہ لڑکی کے مبینہ اجتماعی عصمت ریزی کے واقعہ میں سماج وادی پارٹی کے لیڈر معید خان کو بری کردیا ۔ سماج وادی پارٹی کے قائد معید خان، جو اس کیس کے دو ملزمین میں سے ایک تھے، کو عدالت نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا
۔ تاہم ایودھیا کی خصوصی عدالت (پوکسو ایکٹ) کی جج نروپما وکرم نے شریک ملزم راجو خان کو، جو ایس پی قائد کا ملازم تھا، قصوروار قرار دیا۔ عدالت راجو خان کے خلاف سزا کی مدت کا اعلان باقی ہے
ٹرائل کورٹ کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد ریاستی حکومت اب معید خان کو بری کئے جانے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا امکان رکھتی ہے۔
یہ فیصلہ اس مقدمہ میں سنایا گیا جو 29 جولائی 2024 کو پورا کلندر پولیس اسٹیشن میں نابالغ متاثرہ لڑکی کی والدہ کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر میں 71 سالہ ایس پی قائد معید خان اور ان کے ملازم کے خلاف اجتماعی عصمت دری، مجرمانہ دھمکیاں اور پوکسو ایکٹ کے تحت الزامات عائد کئے گئے تھے۔
سماعت کے دوران استغاثہ نے 14 گواہوں کے بیانات قلمبند کروائے، جن میں نابالغ لڑکی، اس کی والدہ، میڈیکل ایگزامینر اور تفتیشی افسر شامل تھے، جبکہ صفائی نے زیادہ تر دستاویزی شواہد پر انحصار کیا۔ فیصلے میں فارنسک رپورٹ ایک اہم نکتہ رہا۔ تفتیش کے دوران دونوں ملزمین کے ڈی این اے نمونے جانچے گئے۔ عدالت کے مطابق معید خان کا ڈی این اے جائے واردات سے حاصل شدہ فرانزک نمونوں سے میل نہیں کھاتا، جبکہ راجو خان کا ڈی این اے میچ ہوا۔ اسی بنیاد پر عدالت نے معید خان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا اور راجو خان کو پوکسو اور آئی پی سی کی متعلقہ دفعات کے تحت مجرم ٹھہرایا۔
ریاست اور متاثرہ کی نمائندگی کرنے والے سرکاری وکلاء وِنوَد اُپادھیائے اور روہت پانڈے نے کہا کہ وہ معید خان کی بریت کو الہٰ آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ ان کا موقف ہے کہ ٹرائل کورٹ نے ڈی این اے شواہد کو “غیر معمولی اہمیت” دی جبکہ متاثرہ کے بیان اور دیگر حالات و طبی شواہد کو مناسب وزن نہیں دیا گیا۔ استغاثہ نے بتایا کہ فیصلے کا تفصیلی مطالعہ کیا جا رہا ہے اور جلد ہی بریت کو پلٹنے کے لیے اپیل دائر کی جائے گی۔
پولیس نے معید خان جو ایک بیکری کے مالک بھی تھے—اور ان کے ملازم راجو خان کو 30 جولائی 2024 کو پورا کلندر علاقے کے بھدرسا سے گرفتار کیا تھا، یعنی ایف آئی آر درج ہونے کے ایک دن بعد۔ تفتیش کاروں کے مطابق جرم تقریباً دو ماہ قبل پیش آیا تھا اور اس وقت منظر عام پر آیا جب میڈیکل جانچ میں نابالغ لڑکی کے حاملہ ہونے کا انکشاف ہوا۔ ملزمین پر متاثرہ کو دھمکانے کے الزامات بھی عائد کئے گئے تھے۔
بعد ازاں یہ معاملہ اس وقت مزید سیاسی و عوامی توجہ کا مرکز بنا جب مقامی حکام نے معید خان سے منسلک بیکری اور ایک شاپنگ کمپلیکس کو سرکاری اراضی پر تجاوزات کا حوالہ دیتے ہوئے مسمار کر دیا۔ چونکہ اس وقت فوجداری مقدمہ زیر سماعت تھا، اس انہدام پر سیاسی بحث بھی چھڑ گئی۔ ٹرائل کے دوران الہٰ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے معید خان کو ضمانت دے دی تھی۔



