ایودھیا کے لکشمی نارائن مہایگ میں بھیانک آگ، یگ شالہ جل کر راکھ

اتر پردیش کے ایودھیا میں سریو ندی کے راج گھاٹ پر جاری سات روزہ لکشمی نارائن مہایگ کے دوران ہفتہ کو اچانک آگ لگنے سے یگ شالہ جل کر راکھ ہو گئی، جس سے موقع پر افرا تفری مچ گئی۔
یہ مہایگ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ دیاشنکر سنگھ کی سرپرستی میں منعقد کیا جا رہا تھا، جہاں آخری دن شام 6 بجے آخری آہوتی دی جانی تھی، تاہم اس سے قبل ہی حادثہ پیش آ گیا۔
اطلاعات کے مطابق آگ نامعلوم وجوہات کی بنا پر دوپہر کے وقت لگی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور تقریباً دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
حادثے کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ اور مقامی رکن اسمبلی ابھیئے سنگھ موقع پر پہنچے، جبکہ ضلعی مجسٹریٹ نکھل ٹی فنڈے اور ایس ایس پی ڈاکٹر گورو گروور سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی حالات کا جائزہ لیا۔
فائر حکام کے مطابق اس آپریشن میں تقریباً 10 فائر انجنوں نے حصہ لیا۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، تاہم کچھ افراد کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ سب سے بڑی راحت یہ ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کے لیے ٹیکنیکل ٹیم کو تحقیقات سونپی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق معاملے کی جانچ جاری ہے اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔



