شادیکی تقریب میں افراتفری۔ہائڈروجن کے غبارے پھٹ پڑے دلہا دلہن زخمی

نئی دہلی ۔ شادی کے دوران ہلدی کی تقریب اس وقت بدنظمی کا شکار ہوگئی جب جوڑے کی انٹری کے دوران ہائیڈروجن غبارے پھٹ گئے جس سے دلہا اور دلہن جھلس گئے۔ایک جوڑے کی ہلدی کی تقریب اُس وقت خوفناک حادثے میں بدل گئی جب انٹری کے لیے استعمال کیے گئے ہائیڈروجن غبارے اچانک پھٹ گئے جس کے نتیجے میں دلہا اور دلہن دونوں جھلس گئے۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب جوڑے نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو اور تفصیلی کیپشن شیئر کیا جس میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح ایک ٹرینڈنگ آئیڈیا خطرناک صورتحال میں بدل گیا۔ واقعہ کے باوجود، جوڑے نے تقریب جاری رکھی۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جوڑا ہائیڈروجن غباروں کے ساتھ انٹری کر رہا ہے کہ اچانک انٹری کے دوران استعمال کی جانے والی رنگ برسانے والی گن میں سے ایک غلطی سے اوپر کی طرف مڑ جاتی ہے اس کے اثر اور گرمی کے باعث غبارے دھماکے کے ساتھ پھٹ گئے۔
جوڑے نے لکھا ’’ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ہماری زندگی کا سب سے خاص دن اس طرح پلٹ جائے گا۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ جو چیز ’’تفریحی، ٹرینڈنگ ہلدی انٹری‘‘ ہونی چاہیے تھی، اُس نے انہیں ’’جسمانی اور جذباتی طور پر زخمی‘‘ کر دیا۔انہوں نے مزید کہا، ’’ہم یہ ویڈیو اس لیے شیئر کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو آگاہ کیا جا سکے کہ کس طرح یہ ’وائرل آئیڈیاز‘ خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں اگر حفاظتی اقدامات نظرانداز کیے جائیں۔‘‘کیپشن کے مطابق دلہن
تانیہ کے چہرے اور کمر پر جبکہ دلہے کوشاگرا کی انگلیوں اور کمر پر جلنے کے زخم آئے۔ دھماکے میں ان کے بال بھی جھلس گئے۔ انہوں نے لکھا ’’جس دن ہمیں اپنا بہترین دیکھنا تھا ہم اُس دن میک اپ سے زخم چھپا رہے تھے جھلسے ہوئے بال کاٹ رہے تھے اور نقصان چھپانے کے لیے رنگ کر رہے تھے۔‘‘ جلتے بالوں کی بو دیر تک محسوس ہوتی رہی۔جوڑے نے بتایا کہ یہ حادثہ اُس وقت ہوا جب ایک منصوبہ بند ترتیب کے مطابق پہلے ہائیڈروجن غبارے چھوڑے جانے تھے
اور اس کے بعد رنگ برسانے والی گنس استعمال کی جانی تھیں لیکن ’’لمحے کی افراتفری میں کسی نے غلطی سے رنگ والی گن غباروں کی طرف کر دی۔‘‘ انہوں نے خاندان میں موجود ڈاکٹروں اور قریب ترین اسپتال کی بدولت فوری طبی امداد کو زیادہ نقصان سے بچاؤ کا سبب قرار دیا۔صدمے کے باوجود، جوڑے نے تقریب جاری رکھی۔ انہوں نے لکھا’’جیسا کہ کہتے ہیں، شو چلتا رہنا چاہیے۔ اور ایسا ہی ہوا۔ مشکلات کے باوجود ہم نے ورمالا میں زندگی کے یادگار لمحات گزارے۔ یہ مکمل نہیں تھا لیکن .پھر بھی ہماری زندگی کا سب سے خوبصورت دن تھا۔‘‘
جوڑے نے اپنے پوسٹ کا اختتام دوسروں کے لیے ایک وارننگ کے ساتھ کیا ’’ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارا تجربہ سب کے لیے یاددہانی بنے کہ احتیاط اور حفاظت کو ہمیشہ ٹرینڈز پر ترجیح دی جائے۔




