بہار انتخابی معرکہ: مجلس 5 اور کانگریس 4 حلقوں میں سبقت—ابتدائی رجحانات میں سیاسی نقشہ بدلتا دکھائی دے رہا ہے
بہار اسمبلی انتخابات: مجلس 5 اور کانگریس 4 حلقوں میں سبقت، ابتدائی رجحانات میں بڑی مضبوطی
بہار اسمبلی انتخابات کے ابتدائی نتائج میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے شاندار آغاز کرتے ہوئے 5 حلقوں میں مضبوط برتری قائم کرلی ہے، جبکہ کانگریس کے 4 امیدوار بھی سبقت میں نظر آرہے ہیں۔
ابتدائی رجحانات کے مطابق مجلس کے امیدوار مختلف حلقوں میں نمایاں انداز میں آگے چل رہے ہیں، جسے پارٹی کے لیے خاصا حوصلہ افزا قرار دیا جا رہا ہے۔
مجلس کے سینئر قائد اخترالایمان نے امور اسمبلی حلقہ میں 23,017 ووٹوں کی فیصلہ کن برتری حاصل کررکھی ہے۔ بائسی اسمبلی حلقہ میں غلام سرور نے 6,680 ووٹوں کی سبقت بنالی ہے۔ کوچادھامن سے سرور عالم نے 23,976 ووٹوں کے بڑے فرق کے ساتھ مضبوط پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
جوکی ہٹ حلقے میں محمد مرشد عالم 6,605 ووٹوں سے آگے ہیں، جبکہ ٹھاکر گنج اسمبلی حلقہ میں غلام حسنین 3,263 ووٹوں کی برتری کے ساتھ سبقت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب کانگریس کی کارکردگی ناقص دکھائی دے رہی ہے۔ والمیکی گنج سے سریندر پرساد، کشن گنج سے قمر الہدی، مانی ہری سے منوہر پرساد سنگھ اور بیگوسرائے سے امیتا بھوشن سبقت میں ہیں۔
ابتدائی رجحانات کے مطابق مجلس اور کانگریس کی یہ کارکردگی انتخابی ماحول میں نئی ہلچل پیدا کررہی ہے اور جیسے جیسے گنتی آگے بڑھ رہی ہے، مقابلہ مزید دلچسپ ہوتا جا رہا ہے۔



