سرکاری ملازمین کو سوشل میڈیا اکاؤنٹ کھولنے کے لئے اجازت حاصل کرنا ہوگا – سوشل میڈیا استعمال پر بہار حکومت کی نئی گائیڈ لائنس

بہار حکومت نے سرکاری ملازمین کے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔
فیس بک، ایکس (سابقہ ٹوئٹر)، انسٹاگرام اور یوٹیوب جیسے آن لائن پلیٹ فارمس پر سرکاری ملازمین کے طرزِ عمل کے لئے باقاعدہ رہنمایانہ خطوط تیار کئے گئے ہیں۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ ہدایات اعلیٰ عہدوں سے لے کر نچلی سطح تک تمام سرکاری ملازمین پر لاگو ہوں گی۔ ریاستی کابینہ نے ان رہنمایانہ اصولوں کی منظوری دے دی ہے۔
بہار حکومت کے مطابق، سوشل میڈیا کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنا مقصد نہیں، بلکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمس پر باوقار اور ذمہ دارانہ رویہ یقینی بنانا اصل نشانہ ہے۔
تازہ رہنمایانہ خطوط کے تحت کسی بھی سرکاری ملازم کو سوشل میڈیا اکاؤنٹ کھولنے کے لئے متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ جعلی یا فرضی اکاؤنٹس بنانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
سرکاری عہدہ، حکومتی لوگو یا عہدے سے متعلق کسی بھی قسم کی پوسٹس آن لائن شیئر کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اسی طرح ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لئے سرکاری ای میل آئی ڈی یا سرکاری فون نمبرز کے استعمال کی بھی اجازت نہیں ہوگی، تاکہ ملازمین کی ذاتی آراء کو ان کے سرکاری عہدے سے جوڑ کر نہ دیکھا جائے۔
رہنمایانہ خطوط کے مطابق فحش مواد، سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والا مواد، نیز ذات پات یا مذہب کو نشانہ بنانے والی پوسٹس پر مکمل پابندی رہے گی۔
اس کے علاوہ سرکاری پروگراموں، اجلاسوں اور میٹنگ سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ کون سا مواد پوسٹ یا شیئر کیا جا سکتا ہے اور کن امور سے گریز ضروری ہے، اس تعلق سے ضوابط کو مزید صاف اور واضح انداز میں نافذ کیا جائے گا۔



