نیشنل

پٹنہ میں وقف ترمیمی قانون کے خلاف تاریخی جلسہ عام – لاکھوں افراد کی شرکت

بہار کے پٹنہ کے گاندھی میدان میں اتوار کو "وقف بچاؤ، دستور بچاؤ” کے عنوان سے ایک عظیم الشان جلسہ منعقد ہوا، جس کا اہتمام امارتِ شریعت کے زیرِ نگرانی کیا گیا۔

 

اس جلسہ میں بہار، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال سے لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ یہ احتجاج مرکزی حکومت کی جانب سے مجوزہ وقف (ترمیمی) بل 2025 کے خلاف تھا، جسے مسلم برادری کی دینی و سماجی خودمختاری پر حملہ تصور کیا جا رہا ہے۔ جلسہ میں کانگریس کے سینئر قائد سلمان خورشید، آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو، پپو یادو اور دیگر نے خطاب کیا۔

 

مقررین نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وقف املاک پر قانون سازی کے ذریعے اقلیتوں کے حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے۔ تیجسوی یادو نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ملک کسی کے باپ کا نہیں ہے، آزادی کی جنگ میں ہر مذہب کے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں۔

 

امارتِ شریعت کے ترجمان فضلِ رحمان رحمانی کے مطابق اس جلسہ میں عوام کا جوش و خروش اس بات کا غماز ہے کہ ملت اپنے آئینی، قانونی اور مذہبی حقوق کے تحفظ کے لیے بیدار ہو چکی ہے۔ مقررین نے کہا کہ یہ احتجاج کسی سیاسی جماعت کے بینر تلے نہیں بلکہ ایک عوامی تحریک ہے،

 

جو ظلم، ناانصافی اور آئینی خلاف ورزیوں کے خلاف منظم ہو رہی ہے۔ جلسے کے دوران وقف بورڈ کی آزادی، اقلیتوں کے مذہبی اداروں کے تحفظ اور دستور کی روح کو باقی رکھنے کے مطالبات کیے گئے۔ مقررین نے زور دے کر کہا کہ اگر یہ بل واپس نہیں لیا گیا تو ملک گیر سطح پر تحریک چلائی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button