بہار میں حجاب اور برقعہ پہننے والوں کو زیورات کی دکانوں میں داخلے کی اجازت نہیں — آل انڈیا جیولرس اینڈ گولڈ فیڈریشن کا نیا اصول
پٹنہ _ آل انڈیا جیولرس اینڈ گولڈ فیڈریشن نے زیورات کی دکانوں میں بڑھتی چوریوں کو روکنے کے لیے ایک نیا اصول نافذ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت بہار میں اگر کوئی خاتون حجاب یا برقع پہن کر سونے کی خریداری کے لیے آئے تو بغیر جانچ کے انہیں دکان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فیڈریشن کے مطابق یہ اصول صرف خواتین تک محدود نہیں بلکہ مردوں پر بھی لاگو ہوگا۔ اگر کوئی مرد اسکارف یا ہیلمٹ کے ذریعہ چہرہ ڈھانپ کر آئے تو پہلے اس کی شناخت اور جانچ کے بعد ہی دکان میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
فیڈریشن کے ریاست بہار کے صدر اشوک کمار ورما نے بتایا کہ یہ فیصلہ زیورات کی دکانوں میں بار بار ہونے والی چوریوں کے پیشِ نظر لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق بعض ریاستوں میں چور برقع پہن کر وارداتیں کر رہے ہیں اور بعض مواقع پر دکانداروں پر فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئے ہیں، اسی لیے حفاظتی اقدامات کو سخت کیا گیا ہے۔
اشوک کمار ورما نے واضح کیا کہ اس فیصلے کا مقصد برقعہ یا حجاب پر مکمل پابندی عائد کرنا نہیں ہے، بلکہ صرف یہ شرط رکھی گئی ہے کہ خریداری سے قبل چہرہ دکھانا لازمی ہوگا۔ انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم صرف سیکیورٹی کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے اور اس کا اطلاق تمام افراد پر یکساں طور پر ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ شخصی طور پر برقعہ کے خلاف نہیں ہیں اور اس اقدام سے صارفین اور دکانداروں کے درمیان اعتماد بڑھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اصول کسی ایک کمیونٹی کے خلاف نہیں بلکہ سب کے لیے ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پٹنہ کے سنٹرل ایس پی سے بات چیت کے بعد اس فیصلے پر اتفاق کیا گیا ہے اور بہار اس طرح کا سخت قدم اٹھانے والی پہلی ریاست بنی ہے، تاہم بعض دیگر ریاستوں کے اضلاع میں بھی احتیاطی طور پر ایسے اصول نافذ ہیں۔
واضح رہے کہ 15 دسمبر کو پٹنہ میں ایک تقریب کے دوران، جس میں نتیش کمار آیوش ڈاکٹروں کو تقرری کے خطوط دے رہے تھے، ایک مسلم خاتون کے چہرے سے حجاب ہٹانے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس پر ریاست بھر میں شدید بحث چھڑ گئی تھی۔ اس واقعے کے تقریباً ایک ماہ بعد یہ نیا اصول متعارف کرایا گیا ہے۔
ادھر اتر پردیش کے سپری بازار علاقے میں بھی زیورات کی دکانوں میں بڑھتی چوریوں کے باعث اسی نوعیت کے اصول اپنائے گئے ہیں اور چہرہ ڈھانپ کر آنے والوں کے داخلے پر پابندی سے متعلق بورڈز دکانوں میں آویزاں کئے گئے ہیں۔



