نیشنل

بہار کی طالبہ سبرین پروین نے دسویں جماعت میں 98.40 فیصد نمبر لے کر ریاست میں ٹاپ کر لیا، گاؤں میں جشن کا سماں

ویشالی: ریاست بہار کے ضلع ویشالی کی طالبہ سبرین پروین نے 492 نمبر (98.40 فیصد) حاصل کر کے بہار میٹرک امتحان میں مشترکہ طور پر ریاست میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ وہ یہ اعزاز پشپانجلی کمار کے ساتھ مشترک طور پر حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

 

چہرہ کلا بلاک کے چورا ہی ہائر سیکنڈری اسکول کی طالبہ سبرین کی اس شاندار کامیابی پر ان کے گھر اور گاؤں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ نتیجہ جاری ہوتے ہی ان کے گھر پر مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا، جہاں پڑوسی، اساتذہ اور  علاقہ کی عوام بڑی تعداد میں پہنچے۔

 

اپنی کامیابی پر بات کرتے ہوئے سبرین نے کہا کہ مسلسل محنت اور باقاعدگی سے مطالعہ ان کی کامیابی کا بنیادی راز ہے۔ ان کے مطابق گھر کے قریب کوچنگ کلاسز اور خود مطالعہ نے ان کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مطالعہ کو روزمرہ کے معمول کا حصہ بنانا ضروری ہے۔ اور وہ روزانہ 10گھنٹے پڑھتی تھی

 

سبرین نے اعتراف کیا کہ انہیں اچھے نمبروں کی توقع تھی لیکن ریاست میں ٹاپ کرنے کا اندازہ نہیں تھا۔ ان کے مطابق، “مجھے یقین تھا کہ میں اچھا پرفارم کروں گی لیکن ٹاپرس میں شامل ہونے کی امید نہیں تھی۔”

 

انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے خاندان کے مسلسل تعاون کو بھی دیا۔ ان کے والد محمد شہزاد مغربی بنگال میں ٹائر شاپ کی دکان ہے جبکہ والدہ گھریلو امور سنبھالتی ہیں۔ سبرین کے مطابق خاندان کی حوصلہ افزائی ان کی کامیابی میں اہم رہی۔

 

گھر میں اس وقت جشن کا ماحول ہے، جہاں رشتہ دار مسلسل مبارکباد دینے آ رہے ہیں اور فون پر بھی مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سبرین نے اس کامیابی کو اپنے تعلیمی سفر کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی بڑی کامیابی حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button