بائیک کے دھوئیں سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی موت — دادا اور تین پوتے پوتیاں دم گھٹنے سے ہلاک
آندھرا پردیش کے ضلع انّامیا کے پنگنور شہر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں بائیک کے دھوئیں کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں دادا، ایک پوتا اور دو پوتیاں شامل ہیں۔
پولیس اور مقامی افراد کے مطابق پنگنور کے تیاگراجو اسٹریٹ کے رہائشی مرلی اور ریوتی میاں بیوی ہیں۔ مرلی کے والد رام چندریہ، بیٹا کارتیک اور جڑواں بیٹیاں چریت اور چندنا بھی اسی گھر میں رہتے تھے۔
بتایا جاتا ہے کہ مرلی نے ہفتہ کے روز اپنی موٹر سائیکل مرمت کے لیے مکینک کے پاس دی تھی۔ انجن میں مسئلہ ہونے کی وجہ سے مکینک نے اسے بور کروایا اور بائیک گھر لے جانے کے بعد رات بھر اسٹارٹ حالت میں رکھنے کا مشورہ دیا۔ اسی وجہ سے مرلی نے رات کو گھر کے دروازے بند کرکے بائیک کا انجن آن رکھا۔ بائیک سے نکلنے والی کاربن مونو آکسائیڈ سے دم گھٹنے پر چار افراد ہلاک ہوگئے
رات کے وقت رام چندریہ اپنے پوتے کارتیک اور پوتیوں چریت اور چندنا کے ساتھ نیچے والے کمرے میں سو رہے تھے جبکہ مرلی اور ریوتی اوپر والے کمرے میں سوئے ہوئے تھے۔ بائیک سے نکلنے والا دھواں گھر میں پھیل گیا جس سے نیچے سو رہے چاروں افراد کا دم گھٹ گیا اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ اوپر کمرے میں سونے کی وجہ سے مرلی اور ریوتی کی جان بچ گئی۔
تین بچوں اور دادا کی اچانک موت سے خاندان میں کہرام مچ گیا اور والدین غم سے نڈھال ہوگئے۔



