بی جے پی کے وزیر نے کرنل صوفیہ قریشی سے ہاتھ جوڑ کر مانگی معافی

بھوپال ۔ ہندوستانی فضائیہ کی خاتون افسر کرنل صوفیہ قریشی کے بارے میں نامناسب تبصرہ کرنے والے مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ نے ایک بار پھر معافی مانگی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ بیان کسی بھی مذہب کی توہین کے ارادے سے نہیں دیا گیا تھا۔
انہوں نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا "میں انڈین آرمی ہماری بہن کرنل صوفیہ قریشی اور پورے ملک کے عوام سے معذرت خواہ ہوں۔ حال ہی میں پہلگام میں پیش آئے دہشت گرد حملے نے مجھے بے حد متاثر اور غمزدہ کیا۔ مجھے اپنے ملک سے بے پناہ محبت ہے، اور بھارتی فوج کے لیے میرے دل میں احترام ہے۔”
انہوں نے مزید کہا "میرے الفاظ نے ایک طبقے، ایک مذہب اور پورے ملک کے عوام کو تکلیف پہنچائی جو کہ میری زبان کی لغزش تھی۔ میں اس پر دل کی گہرائیوں سے افسوس کا اظہار کرتا ہوں اور ملک کے عوام بھارتی فوج اور کرنل صوفیہ سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں۔”
وجے شاہ نے اس ویڈیو میں ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اپنی غلطی تسلیم کی۔