بالی ووڈ اداکار دھرمیندر چل بسے

ممبئی ۔بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں چل بسے۔ مشہور میڈیا اداروں ٹائمز آف انڈیا اور این ڈی ٹی وی نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔
ان کی آخری رسومات کے لیے ان کے اہل خانہ اور مشہور شخصیات شمشان گھاٹ پہنچ رہے ہیں۔فلم اداکارکو حال ہی میں ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں شریک کروایا گیا تھا اور پھر انہیں گھر لایا گیا ذرائع کے مطابق دھرمیندر کی حالت تشویشناک تھی اور وہ لائف سپورٹ پر تھے۔
ارکان خاندان نے دھرمیندر کے جسدِ خاکی کو ایمبولینس کے ذریعے ولّے پارلے شمشان گھاٹ منتقل کیا۔ ان کے انتقال کی خبر سنتے ہی فلمی اور سیاسی شخصیات بڑی تعداد میں اُن کی آخری جھلک دیکھنے کے لیے پہنچیں اور انہیں
خراجِ عقیدت پیش کیا۔معروف فلمساز کرن جوہر نے بھی غم کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام پر لکھا کہ "ایک عہد ختم ہو گیا۔ میگا اسٹار، بے مثال خوبرو، انڈین سنیما کے واحد اور عظیم لیجنڈ دھرمیندر جی ہم آپ کو بہت یاد کریں گے”۔
دھرمیندر کا اصل نام دھرمیندر کیول کرشن دیول تھا۔ وہ 8 دسمبر 1935 کو پیدا ہوئے۔
1954 میں انہوں نے پرکاش کور سے پہلی شادی کی اور 1980 میں بالی ووڈ اداکارہ ہیما مالنی سے دوسری شادی کی۔
دھرمیندرکے 6 بچے ہیں جن میں سنی دیول، بوبی دیول اور ایشا دیول شامل ہیں۔ انھوں نے اپنی شاندار اداکاری، وجاہت اور ایکشن کرداروں کے باعث ’بالی ووڈ ہی-مین‘ کا لقب حاصل کیا۔ فلمی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ ہند نے 2012
میں انہیں پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا۔سیاسی میدان میں بھی وہ سرگرم رہے اور 2004 میں بی جے پی کی جانب سے بیکانیر سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں دھرمیندر کے انتقال کی افواہ پھل گئی تھی جس کے بعد ان کی بیٹی ایشا دیول نے اس خبر کی تردید کی تھی۔



