گجرات میں پل گرنے سے تین ہلاکتیں، کئی گاڑیاں بھی ندی میں گر پڑیں

گجرات کے وڈودرا شہر کے قریب چہارشنبہ کی صبح ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جب مہی ساگر ندی پر واقع گمبھیر پل کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوگیا۔ حادثے کے وقت پل پر دو ٹرک، دو وین اور دیگر کئی گاڑیاں موجود تھیں جو ندی میں جا گریں۔ اس افسوسناک واقعے میں اب تک تین افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور اب تک چار افراد کو گاڑیوں سے بچایا جا چکا ہے، تاہم امدادی کارروائیاں ہنوز جاری ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پل کافی پرانا تھا اور حالیہ دنوں میں ہونے والی موسلا دھار بارش بھی اس کے منہدم ہونے کی ممکنہ وجہ بتائی جا رہی ہے۔
یہ پل وڈودرا اور آنند شہروں کو آپس میں جوڑتا تھا، اس کے گرنے سے دونوں شہروں کے درمیان آمدورفت مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دریں اثناء، راجستھان کے جھنجھنو ضلع میں شدید بارش کے نتیجے میں ایک نئی تعمیر شدہ سڑک بہہ گئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کاتلی ندی میں پانی کی سطح بڑھنے سے سڑک کا ایک بڑا حصہ بہہ گیا۔ اس واقعے کے بعد مقامی افراد نے سڑک کی تعمیراتی معیار پر سوالات اٹھائے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل بارش اور ندی میں طغیانی اس تباہی کی وجہ بنی ہے۔