نیشنل

مہاراشٹرا کے پونے میں پل ٹوٹ گیا کئی افراد بہہ گئے 5 کی موت

ممبئی ۔ ریاست مہاراشٹرا پُونے کی اندرائنی ندی پر بنا ایک پل ٹوٹنے کے باعث 10 سے 15 سیاح ندی میں بہہ گئے ہیں جن میں سے کچھ کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ اب تک پانچ افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

 

اس حادثے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی لوگ پانی کے تیز بہاؤ  بہہ گئے۔ فی الحال ریسکیو آپریشن جاری ہے اور لوگوں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

 

اطلاعات کے مطابق جب پل پر کئی سیاح موجود تھے تبھی اچانک وہ پل ٹوٹ گیا۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ پل دو سے تین مہینے پہلے ہی بند کر دیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود یہاں سیاح مسلسل آ رہے تھے۔ اسی لیے اب اس بات کی جانچ کی جائے گی کہ آیا یہ حادثہ کسی لاپروائی کی وجہ سے تو پیش نہیں آیا۔

 

واضح رہے کہ پُونے کی اندرائنی ندی ایک معروف سیاحتی مقام ہے اور ہر سال اس موسم میں لوگ یہاں آتے ہیں لیکن گزشتہ کچھ وقت سے یہ پل بند تھا اس کے باوجود لوگ وہاں پہنچ رہے تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پل پر زیادہ بوجھ پڑنے کی وجہ سے وہ ٹوٹ گیا۔

 

اس حادثے پر مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کہا کہ اس وقت بہہ جانے والے افراد کے ریسکیو پر ترجیحی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے۔ ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی جلد موقع پر پہنچنے والی ہیں۔

 

یہ پہلا موقع نہیں جب پل ٹوٹنے سے ایسا کوئی حادثہ پیش آیا ہو۔ کچھ سال پہلے گجرات کے موربی میں بھی پل ٹوٹنے سے 135 سے زائد افراد کی دردناک موت ہوئی تھی۔ اس حادثے کے بعد بھی انتظامیہ کی لاپروائی سامنے آئی تھی اور پل کے معیار پر سوال اٹھے تھے۔

 

اب یہاں اندرائنی ندی پر جو پل ٹوٹا ہے وہ بھی پرانا بتایا جا رہا ہے اسی وجہ سے اسے بند کیا گیا تھا لیکن لوگوں نے جوش میں آ کر پل پر اکٹھا ہونے کی کوشش کی، اور یوں یہ بڑا حادثہ پیش آیا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button