نیشنل

خاتون عہدیدار کے مکان سے نوٹوں کے بنڈل برآمد

آسام پولیس نے پیر کے روز آسام سول سروس (ACS) کی ایک عہدیدار نپور بورا کو مبینہ طور پر آمدنی سے زیادہ جائیداد رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

 

چیف منسٹر کے اسپیشل ویجیلنس سیل کی ٹیم نے گوہاٹی میں نپور بورا کی رہائش گاہ پر دھاوا بولتے ہوئے 92 لاکھ روپے نقد اور تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کے زیورات ضبط کیے۔ اس کے علاوہ بارپیٹا میں اس کے کرایہ کے مکان سے مزید 10 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔

 

نپور بورا کا تعلق گولاگھاٹ سے ہے، وہ 2019 میں آسام سول سروس میں شامل ہوئی تھی اور اس وقت ضلع کامروپ کے گورائی ماری میں سرکل آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھی۔

 

چیف منسٹر ہمنتا بسوا سرما نے بتایا کہ نپور بورا گزشتہ چھ ماہ سے نگرانی میں تھی کیونکہ اس پر زمین سے متعلق متنازعہ معاملات میں ملوث ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ ان کے مطابق جب وہ بارپیٹا ریونیو سرکل میں تعینات تھیں تو ہندوؤں کی زمین مشتبہ افراد کو پیسے کے عوض منتقل کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے اس کے خلاف سخت کارروائی کی ہے‘‘۔

 

چیف منسٹر سرما نے مزید کہا کہ اقلیتی اکثریت والے علاقوں کے ریونیو سرکل میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی پائی جاتی ہے۔ ویجیلنس سیل نے نپور بورا کے مبینہ ساتھی، ریونیو سرکل بارپیٹا میں کام کرنے والے لات منڈل سورجیت ڈیکا کے گھر پر بھی دھاوا کیا گیا۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے نپور بورا کے ساتھ ملی بھگت کرکے بارپیٹا میں کئی  جائیداد حاصل کی تھی جب وہ وہاں سرکل آفیسر کے عہدے پر فائز تھیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button