عالمی یوم ہوگا کے موقع پر برقعہ پوش خواتین کی شرکت

راجستھان کی دارالحکومت جے پور میں بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر برقعہ پوش مسلم خواتین نے اجتماعی طور پر یوگا میں حصہ لیا۔ یہ پروگرام حسن پورہ علاقے کی اولیاء مسجد کے احاطے میں منعقد کیا گیا، جہاں مسجد کمپاؤنڈ کے ہال میں 50 سے زائد مسلم خواتین و لڑکیوں نے برقعہ میں یوگا کی مختلف مشقیں کیں۔
خواتین نے یہاں انولوم ولوم، کَپال بھاتی اور دیگر یوگا آسن (مشقوں) کی باقاعدہ مشق کی۔ اس دوران خواتین نہ صرف پُرجوش نظر آئیں بلکہ انہوں نے یوگا کو اپنے طرزِ زندگی کا لازمی حصہ قرار دیا۔
یہ خصوصی پروگرام سینٹر فار ہیومن رائٹس اینڈ سوشل ویلفیئر کے زیرِ اہتمام اور تنظیم کی صدر ڈاکٹر سروج خان کی نگرانی میں منعقد ہوا۔
یوگا میں حصہ لینے والی خواتین کا کہنا تھا کہ یوگا کو کسی مذہب یا ذات تک محدود کرنا درست نہیں، بلکہ یہ ہر انسان کی صحت کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ اپنے گھروں میں بھی یوگا کرتی ہیں، کیونکہ یوگا نہ صرف جسمانی صحت بہتر بناتا ہے بلکہ ذہنی سکون بھی عطا کرتا ہے۔
تنظیم کی صدر ڈاکٹر سروج خان نے کہا کہ آج کی برقعہ پوش مسلم خواتین ہوائی جہاز چلا رہی ہیں، ڈاکٹر اور انجینئر بن رہی ہیں، تو یوگا سے کیسے دور رہ سکتی ہیں؟ یہ یوگا تو ان کی صحت کے لیے مزید فائدہ مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلم خواتین کو چاہیے کہ وہ بھی یوگا کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ مسجد کمپاؤنڈ میں خواتین کو یوگا کی تربیت 15 سالہ سائمہ نے دی، جو ایک تربیت یافتہ یوگا انسٹرکٹر ہے۔