انڈوں سے کینسر؟ سوشل میڈیا پر پھیلائی جارہی افواہوں کا سچ

نئی دہلی:سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں انڈوں کے متعلق پھیلائی جانے والی خبروں پر فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ان کے استعمال سے کینسر کے خطرے کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔
انڈوں کے بارے میں گزشتہ چند دنوں سے مختلف خبریں گردش کر رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر بعض پوسٹس میں انڈوں کو کینسر کے خطرے سے جوڑنے کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔اس پس منظر میں فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (FSSAI) نے ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ تمام خبریں گمراہ کن اور بے بنیاد ہیں۔
ایف ایس ایس اے آئی کے مطابق کچھ رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ انڈوں میں نائٹروفیوران (Nitrofuran)نامی ممنوعہ دوا کے اجزا پائے گئے ہیں جو صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔ تاہم اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اس دعوے کے حق میں کوئی سائنسی ثبوت موجود نہیں۔ادارے نے بتایا کہ نائٹروفیوران کا استعمال ملک میں پہلے ہی ممنوع ہے
اور خوراک میں اس کی نگرانی کے لیے سخت قوانین نافذ ہیں۔ایف ایس ایس اے آئی نے مزید کہا کہ نہ ہی بھارت اور نہ ہی کسی بین الاقوامی صحت ادارے نے انڈوں کے استعمال کو کینسر یا کسی سنگین بیماری سے جوڑا ہے۔اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر ہی اعتماد کریں۔
واضح رہے کہ انڈے ایک غذائیت سے بھرپور غذا ہیں ۔ حکام کے مطابق بھارت میں نافذ غذائی تحفظ کے ضابطے بین الاقوامی قوانین اور معیار کے مطابق ہیں۔ایف ایس ایس اے آئی نے ہفتہ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ملک میں دستیاب انڈے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
ادارے نے واضح کیا کہ انڈوں میں کینسر پیدا کرنے والے مادّے موجود ہونے کے دعوے کی تائید میں کوئی سائنسی ثبوت موجود نہیں ہے۔



