نیشنل

سی بی ایس ای نے 2025-26 تعلیمی سال کے بورڈ امتحانات کا شیڈول جاری کردیا

سی بی ایس ای نے 2025-26 تعلیمی سال کے بورڈ امتحانات کا شیڈول جاری کردیا

 

نئی دہلی: سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے آئندہ سال ہونے والے دسویں اور بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات کی عارضی تاریخیں جاری کردیں۔ بورڈ کے مطابق امتحانات کا آغاز 17 فروری 2026 سے ہوگا۔

 

سی بی ایس ای کے کنٹرولر امتحانات سنیم بھردواج نے بتایا کہ دسویں جماعت کے امتحانات دو مرحلوں میں ہوں گے۔ پہلا مرحلہ 17 فروری سے 6 مارچ تک اور دوسرا مرحلہ 15 مئی سے یکم جون تک منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2026 سے دسویں کے امتحانات سال میں دو مرتبہ لینے کا فیصلہ پہلے ہی کیا جا چکا تھا، اسی کے تحت عارضی شیڈول جاری کیا گیا ہے۔

 

بارہویں جماعت کے امتحانات 17 فروری سے شروع ہو کر 9 اپریل تک چلیں گے۔ ہر پرچہ کے تقریباً دس دن بعد جوابی پرچوں کی جانچ کا عمل شروع ہوگا اور بارہ دن میں مکمل کرلیا جائے گا۔ مثال کے طور پر، بارہویں جماعت کا فزکس کا پرچہ 20 فروری کو ہوگا، جس کی جانچ 3 مارچ سے شروع ہو کر 15 مارچ تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

 

بورڈ نے واضح کیا ہے کہ یہ تاریخیں عبوری ہیں اور طلبہ سے متعلق اسکولوں کی جانب سے موصولہ رپورٹ کے بعد حتمی شیڈول جاری کیا جائے گا۔ اس بار ان امتحانات میں ملک بھر سے تقریباً 45 لاکھ طلبہ کے شریک ہونے کی توقع ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button