چِپس پیکٹ میں موجود کھلونا گلے میں پھنسنے سے 4 سالہ بچہ کی موت

اوڈیشہ کے ضلع کندھمال میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں چِپس پیکٹ کے اندر موجود چھوٹا کھلونا نگلنے سے 4 سالہ بچہ دم توڑ گیا۔
مقامی اطلاعات کے مطابق منگل کے روز مُسومہا پاڑہ گاؤں کے رہنے والے رنجیت پردھان نے اپنے چار سالہ بیٹے "بیگل” کے لیے ایک دکان سے چِپس کا پیکٹ خریدا۔ پیکٹ کھولتے ہی اس میں ایک چھوٹی کھلونا بندوق (ٹائے گن) پائی گئی۔
بچے نے والدین کی غیر موجودگی میں اس کھلونے سے کھیلنا شروع کیا اور اچانک اسے منہ میں ڈال کر نگل لیا۔ کھلونا گلے میں پھنسنے سے بچہ سانس نہ لے سکا اور بے ہوش ہو گیا۔
والدین نے کھلونا باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے، جس کے بعد بچے کو فوری طور پر 30 کلو میٹر دور واقع ہیلت سینٹر منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرس نے معائنے کے بعد بچہ مردہ قرار دیا۔
مقامی پولیس افسر کے مطابق اس واقعہ پر اب تک کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی ہے۔



