نویں جماعت کے طالب علم نے دسویں جماعت کے ساتھی کو چاقو مار کر ہلاک کردیا

اترپردیش کے غازی پور ضلع میں نویں جماعت کے طالب علم نے دسویں جماعت کے ساتھی کو چاقو مار کر ہلاک کردیا
غازی پور ضلع کے ایک پرائیویٹ اسکول میں پیر کی صبح ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جہاں نویں جماعت کے 14 سالہ طالب علم نے دسویں جماعت کے ساتھی کو چاقو مار کر ہلاک کردیا۔
یہ واقعہ مہاراج گنج لوکلٹی ٹاؤن میں واقع سن بیم اسکول میں اس وقت پیش آیا جب کلاسس جاری تھیں۔ پولیس کے مطابق ملزم طالب علم اپنے ساتھ اسکول میں چاقو لے آیا تھا اور اسی سے اس نے 15 سالہ آدتیہ ورما پر حملہ کیا۔ اس دوران دو اور طلبہ نے بچانے کی کوشش کی تو وہ بھی زخمی ہوگئے۔ زخمی طلبہ کو میڈیکل کالج ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گیانندر ناتھ پرساد نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق چونکہ یہ واقعہ کلاسس کے دوران پیش آیا، اس لئے دیگر طلبہ سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے تاکہ اصل وجہ کا پتہ چل سکے۔
پولیس اسٹیشن کے انچارج دین دیال پانڈے نے کہا کہ نابالغ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ متوفی طالب علم کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے اور ملزم کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔
اسکول کی پرنسپل ارچنا تیواری نے اس واقعہ کو ’’افسوسناک‘‘ قرار دیا اور کہا کہ انتظامیہ اس پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔