سلمان خان کے قتل کی سازش ۔ بشنوئی گینگ کا رکن گرفتار

ممبئی: ممبئی پولیس نے بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے قتل کی سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک ملزم کو ہریانہ کے پانی پتھ سے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا نام سکھا ہے جسے آج حراست میں لیا گیا اور نوی ممبئی منتقل کیا گیا۔ سکھا کو جمعرات کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ بشنوئی گینگ کا رکن ہے جس نے سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔
یہ سازش بظاہر سیاسی رہنما بابا صدیقی کے قتل کے بعد سامنے آئی ہے جنہیں حال ہی میں ممبئی میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی۔ بابا صدیقی کے قتل کے بعد سلمان خان کی سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔سلمان خان نے اپنے بیان میں شک ظاہر کیا تھا کہ ان پر اور ان کے خاندان کے افراد پر حملے کا منصوبہ لارنس بشنوئی گینگ نے بنایا ہے۔ ان کا بیان اس چارج شیٹ کا حصہ ہے جو پولیس نے فائل کی ہے۔پولیس نے مزید کہا کہ سلمان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے بشنوئی اور سمپت نہرا گینگز نے باندرہ والے گھر
پنويل فارم ہاؤس اور شوٹنگ کی لوکیشن پر تقریباً 60-70 افراد کو تعینات کر رکھا تھا۔ اس سازش کے انکشاف کے بعد 24 اگست کو پنويل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں کئی افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔