نیشنل ہیرالڈ معاملہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کو عدالت کی نوٹس

نئی دہلی۔ دہلی کی راؤز ایونیو عدالت نے نیشنل ہیرالڈ کیس میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں قائد حزبِ اختلاف راہل گاندھی کو نوٹس جاری کیے ہیں۔ عدالت نے ان سے اور دیگر ملزمین سے وضاحت طلب کی ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) کی جانب سے منی لانڈرنگ قانون کے تحت دائر چارج شیٹ پر ان کے خلاف کارروائی کیوں نہ کی جائے۔
یہ نوٹس عدالت نے ای ڈی کی تازہ شکایت کی بنیاد پر جاری کیے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ نیشنل ہیرالڈ کے معاملے میں غیر قانونی طور پر کالے دھن کو سفید کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے خصوصی جج وشال گوگنے نے ای ڈی کی عرضی پر فوری نوٹس جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے ایجنسی کو ہدایت دی تھی کہ وہ مطلوبہ دستاویزات عدالت میں جمع کروائے اور موجودہ خامیوں کو دُور کرے۔
ای ڈی کی جانب سے دائر نئی چارج شیٹ میں کانگریس کے سینئر رہنما سم پٹروڈا اور سمن دوبے کے نام بھی شامل ہیں، جو اس مقدمے میں دیگر ملزمین کے طور پر نامزد کیے گئے ہیں۔