ملک کو سیکولر سیول کوڈ کی ضرورت _ موجودہ سیول کوڈ ایک فرقہ وارانہ سیول کوڈ : پرچم کشائی کے بعد لال قلعہ سے وزیراعظم کا خطاب

نئی دہلی _ 15 اگست ( اردولیکس) یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم مودی نے لال قلعہ کی فصیل سے سیکولر سیول کوڈ کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ مذہب کے نام پر ملک کو تقسیم کرنے والے قوانین کو ہٹا دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیکولر سیول کوڈ کی ضرورت ہے اور جدید معاشرے میں غلط قوانین کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
مودی نے کہا کہ موجودہ سیول کوڈ ایک فرقہ وارانہ سیول کوڈ ہے۔ اب ہمیں سیکولر سیول کوڈ کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ یہ ہندوستان کے 140 کروڑ عوام کا فرض ہے کہ وہ بطور شہری اپنے فرائض کو پورا کریں اور میں اس پر بحث چاہتا ہوں۔ فرقہ وارانہ اور امتیازی قوانین کی کوئی جگہ نہیں، ہمیں سیکولر سیول کوڈ کی ضرورت ہے۔
اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر حملوں پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہاں کے ہندوؤں کے حوالے سے خدشات کو سمجھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہاں کی صورتحال جلد سے جلد معمول پر آجائے گی۔
ایک پڑوسی ملک کے طور پر، میں بنگلہ دیش میں جو کچھ بھی ہوا ہے اس سے متعلق تشویش کو سمجھ سکتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ وہاں کے حالات جلد سے جلد معمول پر آجائیں گے۔ وہاں کے ہندوؤں اور اقلیتوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے 140 کروڑ ہم وطنوں کی تشویش ہے
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہندوستان ہمیشہ چاہتا ہے کہ اس کے پڑوسی ممالک خوشحالی اور امن کے راستے پر چلیں۔ہم امن کے لیے پرعزم ہیں. آنے والے دنوں میں، ہم بنگلہ دیش کی ‘وکاس یاترا’ میں نیک خواہشات جاری رکھیں گے کیونکہ ہم انسانیت کی فلاح کے بارے میں سوچتے ہیں۔