ڈیجیٹل گرفتاری’ کے نام پر 58 کروڑ روپے کا سائبر فراڈ

ممبئی: ڈیجیٹل گرفتاری کے نام پر ایک بزنس مین سے سائبر دھوکہ بازوں نے پورے 58 کروڑ روپے ہتھیا لیے۔ یہ واقعہ ممبئی میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق یہ ملک میں درج سب سے بڑے ذاتی ڈیجیٹل گرفتاری کے سائبر فراڈس میں سے ایک ہے۔ مہاراشٹرا سائبر سیل نے اس کیس میں تین ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق دھوکہ بازوں نے ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) اور سی بی آئی افسران کے طور پر خود کو ظاہر کیا اور ممبئی کے ایک 72 سالہ بزنس مین سے رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا نام منی لانڈرنگ کیس میں آیا ہے۔ بزنس مین اور ان کی اہلیہ کو "ڈیجیٹل گرفتاری” کے نام پر خوفزدہ کیا گیا۔ انہیں کچھ بینک اکاؤنٹس دیے گئے اور کہا گیا کہ وہ وہاں پیسے منتقل کریں۔دو مہینوں کے اندر اس شخص نے تقریباً 58 کروڑ روپے مختلف کھاتوں میں منتقل کر دیے۔
بعد میں جب بزنس مین کو احساس ہوا کہ وہ دھوکہ دہی کا شکار ہوئے ہیں تو انہوں نے سائبر پولیس سے رجوع کیا۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران پتہ لگایا کہ رقم 18 بینک اکاؤنٹس میں منتقل ہوئی ہے۔ متعلقہ اکاؤنٹس کو فوری طور پر فریز کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔



