نیشنل
دہلی-این سی آر میں زلزلے کے شدید جھٹکے، خوف و ہراس کی فضا

دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں جمعرات کی صبح شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ نیشنل سینٹر فار سیزمولوجی کے مطابق، زلزلہ صبح 9 بج کر 4 منٹ پر آیا، جس کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کا مرکز ہریانہ کے جھجر ضلع میں زمین کی سطح سے 10 کلومیٹر گہرائی میں واقع تھا۔ جھجر، قومی دارالحکومت دہلی سے تقریباً 60 کلومیٹر دور اور این سی آر (نیشنل کیپیٹل ریجن) کا حصہ ہے۔
زلزلے کے جھٹکے نہ صرف دہلی بلکہ نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام اور فرید آباد میں بھی محسوس کیے گئے۔
ایک عینی شاہد نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ "ہم نے جھٹکے صاف محسوس کئے… واقعی بہت خوفناک تھا، میری گاڑی ہلنے لگی۔ جھٹکا کافی زور دار تھا۔تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ حکام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔